حیدرآباد 22 مارچ ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ حکومت آئی ٹی علاقہ میں خاتون ملازمین کی سکیوریٹی کیلئے ڈرونس کے استعمال کی تجویز پر غور کر رہی ہے ۔ پرنسپل سکریٹری آئی ٹی جئیش رنجن نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ آئی ٹی راہداری میں آئی ٹی ملازمین کی سکیوریٹی اور تحفظ کیلئے ڈرونس نگرانی کی تجویز پر غور کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سائبر آباد کمشنریٹ میں پولیس اسٹیشنوں کی جانب سے ڈرونس آپریٹ کئے جائیں گے اور جب کسی خاتون کو ضرورت پڑے یہ ڈرونس جی پی ایس استعمال کرتے ہوئے متاثرہ خاتون تک پہونچ جائیں گے اور سائرن بجاتے ہوئے کئی افراد کو چوکس بھی کردینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک حالیہ کانفرنس کے موقع پر اس خیال کو پیش کیا گیا تھا جس کی کافی ستائش کی گئی اور ہم اس سلسلہ میں ابتدائی مراحل میں ہیں۔ آئندہ ایک سال میں اس میں کوئی پیشرفت ہوسکتی ہے اور مزید تفصیلات پر جلد غور کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت بھی مزید آئی ٹی پارکس قائم کرنے پر غور کر رہی ہے کیونکہ موجودہ آئی ٹی پارکس ناکافی ہو رہے ہیں۔