حیدرآباد 30 جون (سیاست نیوز) یکم جولائی کو دو ستاروں کا ملن ہوگا۔ شمسی نظام کا سب سے بڑا سیارہ مشتری اور یونانیوں میں حسن و عشق کی دیوی سے موسوم سیارہ زہرہ ایک دوسرے سے قریب ہوجائیں گے۔ یہ دلچسپ نظارہ چہارشنبہ کو غروب آفتاب سے عین قبل حیدرآباد کے اُفق پر سادہ آنکھ سے دیکھا جاسکتا ہے۔ برلا سائنس سنٹر کے ڈاکٹر باجی سدھارتھ کے مطابق اگرچہ یہ دونوں سیارے ایک دوسرے سے کافی دور رہیں گے لیکن کرۂ ارض کی سطح سے دیکھنے پر وہ بہت قریب نظر آئیں گے۔ یہ دونوں سیارہ اب بھی دیکھے جاتے ہیں لیکن یکم جولائی سے ان دونوں کے درمیان فاصلوں میں کمی ہوگی اور قربتیں بڑھیں گی۔ آسمان کے مغربی جانب تابناک ستاروں جیسے دو انفرادی شئے نظر آئیں گے جو دراصل دو ستارے مشتری اور زہرہ ہوں گے۔