ٹی آر ایس رکن کے سوال پر لوک سبھا میں مملکتی وزیر کا تحریری جواب
نئی دہلی 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا کو آج مطلع کیا گیا کہ جنوبی ہند میں دوسرا دارالحکومت قائم کرنے حکومت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ اس سوال پر کہ آیا حکومت کے پاس جنوبی ہند (حیدرآباد) میں دوسرا دارالحکومت قائم کرنے کی کوئی تجویز زیرغور ہے۔ مملکتی وزیر ہنس راج گنگا رام اہیر نے اپنے تحریری جواب میں کہاکہ ’’جی نہیں!‘‘ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے رکن پارلیمنٹ بی نرسیا گوڑ نے یہ سوال کیا تھا۔ دہلی میں آلودگی کی سنگین اور خطرناک حد تک سطح پر گزشتہ ہفتہ راجیہ سبھا میں بحث کے دوران انا ڈی ایم کے کے ایک رکن نے اے نونیتھا کرشنن نے کہا تھا کہ پارلیمانی سیشن کو جنوبی ہند منتقل کرنا چاہئے کیونکہ دہلی اب گیس چیمبر میں تبدیل ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے کہا تھا کہ دہلی میں ہر کوئی خوف و اندیشوں میں جی رہا ہے۔ یہ (شہر) گیس چیمبر بن گیا ہے اور انسانی آبادی کے قابل نہیں رہا ہے‘‘۔ نوانیتھا کرشنن نے کہا تھا کہ ’’اس ایوان کی منظوری کے ساتھ میں سمجھتا ہوں کہ اجلاس کو ملک کے کسی جنوبی حصے کو منتقل کیا جانا چاہئے تاکہ ہمارے شمالی دوست آلودگی سے پاک ماحول کا لطف اُٹھا سکیں‘‘۔