حیدرآباد میں مسلم مجاہدین آزادی کی تصاویر کی نمائش

حیدرآباد۔یکم جولائی(یو این آئی) مسلم مجاہدین آزادی کی تصاویر کی نمائش ”بُک وورم” ریڈنگ روم روبرو نتیا ڈائگناسٹک سنٹر ریڈ ہلز حیدرآباد میں منعقد ہوئی جس میں 155ایسے مجاہدین آزادی کی تصاویر اور ان سے متعلق تفصیلات کو پیش کیاگیا جن سے نہ تو نئی نسل واقف ہے نہ ہی تاریخ آزادیٔ ہند میں اس کا ذکر کیا جاتا ہے ۔ صحافی و مؤرخ سید نصیر احمد نے بڑی تحقیق کے بعد اِن مجاہدین آزادی کا ریکارڈ جمع کیا اور ایک آرٹسٹ کی مدد سے ان کی تصاویر تیار کروائی اور اُسے کتابی شکل بھی دی۔ اِن تصاویر کا ملک کے مختلف مقامات پر اہتمام کیا گیا اور ہر مقام پر اسے سراہا گیا کیوں کہ اُس میں سراج الدولہ، حیدر علی، ٹیپو سلطان سے لے کر شیخ قادر محی الدین تک کے کوائف شامل ہیں۔ ان میں سے کئی مجاہدین کا تعلق جنوبی ہند سے رہا ہے جن میں غلام رسول خان نواب آف کرنول، مبارزالدولہ قابل، معصومہ بیگم، جناب اکبرعلی خان و دیگر قابل ذکر ہیں۔ آرگنائزر نمائش جناب سید فہیم اور کرشما نے کہا کہ اسکول اور کالجس کے طلبہ نے اس نمائش کی ستائش کی اور کہا کہ اس نمائش کے مشاہدہ کے ذریعہ انہیں پتہ چلا ہے کہ ہندوستان کو برطانوی سامراجیت سے آزادی دلانے میں مسلمانوں بالخصوص علمائے کرام نے کافی قربانیاں دی ہیں ۔نئی نسل کو تحریک آزادی میں حصہ لینے والے مجاہدین کی جدوجہد او رقربانیوں سے واقف کروانے کے لئے اس نمائش کا اہتمام کیاگیا تھا۔