چیف سکریٹری تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما کا اسپیشل ٹاسک فورس کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد 20 نومبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما نے آج اسپیشل ٹاسک فورس کا جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے حیدرآباد میٹرو ریل کے جاریہ ترقیاتی کاموں کے متعلق تفصیلات سے آگہی حاصل کی۔ چیف سکریٹری نے اجلاس کے دوران مسٹر این وی ایس ریڈی کی خواہش پر متعلقہ محکمہ جات کو احکامات جاری کئے۔ ڈاکٹر راجیو شرما نے محکمہ پولیس کو ہدایت دی کہ وہ چکڑپلی ٹریفک پولیس اسٹیشن اور گوپال پورم پولیس اسٹیشن کے علاوہ کوارٹرس کو عاجلانہ طور پر حیدرآباد میٹرو ریل کے حوالہ کرے تاکہ ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ اُنھوں نے ریلوے عہدیداروں سے بھی خواہش کی کہ وہ لیکھا بھون کے عقب میں واقع اراضی کے علاوہ آلیفنٹا برج کے قریب واقع ریلوے کی اراضی حیدرآباد میٹرو ریل کو حوالے کرنے کے اقدامات کرے تاکہ سڑک کی توسیع کے ذریعہ فوری طور پر میٹرو ریل کے کاموں میں تیزی لائی جاسکے۔ اُنھوں نے محکمہ ٹرانسکو کے علاوہ آبرسانی وغیرہ کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد اپنے کاموں کی تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے حیدرآباد میٹرو ریل کے تعمیراتی کاموں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرے۔ ڈاکٹر راجیو شرما نے جائزہ اجلاس کے دوران بتایا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے متمنی ہیں اور اُنھوں نے ہدایت دے رکھی ہے کہ معلنہ مدت میں کام مکمل کرلئے جائیں۔ اجلاس کے دوران مسٹر این وی ایس ریڈی منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل نے چیف سکریٹری کو بتایا کہ اِن میٹرو ریل راہداریوں پر 45 کیلو میٹر کے حدود میں تعمیری کام جاری ہیں اور 43 کیلو میٹر تک بنیادیں ڈال دی گئی ہیں جبکہ 40 کیلو میٹر کے قریب پلّرس کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ 30.5 کیلو میٹر پر مشتمل راہداری پوری طرح سے مکمل کی جاچکی ہے جبکہ 27 اسٹیشنس تعمیری مراحل میں ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں ناگول تا مٹو گوڑہ راہداری مکمل کرلی گئی ہے اور تجرباتی بنیادوں پر ٹرین چلائی جارہی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ 283 جائیدادوں کے حصول کے سلسلہ میں تنازعات پیدا ہورہے ہیں جنھیں حل کیا جانا ضروری ہے۔ مسٹر این وی ایس ریڈی نے کہاکہ مذکورہ جائیدادیں تینوں راہداریوں کی زد میں آنے والی ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ قانون حصول اراضی کے تحت نوٹسیں جائیداد مالکین کو جاری کردی گئی ہیں اور جی ایچ ایم سی سے خواہش کی گئی ہے کہ ڈسمبر 2014 ء سے قبل اِن جائیدادوں کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔ اِس جائزہ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری محکمہ صحت مسٹر ایس چندا، ڈاکٹر ایس کے جوشی پرنسپل سکریٹری محکمہ شہری ترقیات و بلدی اُمور ، کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار، کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی، کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سی وی آنند، مسٹر ایم جگدیشور منیجنگ ڈائرکٹر محکمہ آبرسانی، مسٹر جی رگھوما ریڈی سی ایم ڈی تلنگانہ اسٹیٹ ایس پی ڈی سی ایل، کلکٹر حیدرآباد مسٹر مکیش کمار مینا کے علاوہ مسٹر راکیش ارون، مسٹر وائی ایم ڈیوس تھالے، عہدیداران ایل اینڈ ٹی اور مسٹر وی بی گاڈگل کے علاوہ محکمہ ریلوے و دیگر محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے عہدیدار موجود تھے۔