حیدرآباد 12 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی قانون ساز کونسل رکن و سینئر قائد تلگودیشم پارٹی شریمتی این راجکماری نے مرکزی وزیر مسٹر ایس جئے پال ریڈی کی جانب سے سیما آندھرا عوام کے خلاف کئے گئے سنسنی خیز ریمارکس کی پرزور مذمت کی اور مسٹر ایس جئے پال ریڈی سے کسی تاخیر کے بغیر فوری ریاستی تلگو عوام سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ شریمتی این راجکماری نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ایس جئے پال ریڈی سے دریافت کیاکہ آخر علاقہ تلنگانہ کی ترقی وغیرہ کیلئے کیا
اقدامات کئے۔ اُنھوں نے کہاکہ مسٹر جئے پال ریڈی مرکزی وزارتی عہدے پر برقرار رہنے کے اہل نہیں ہیں لہذا انھیں مرکزی کابینہ سے فی الفور برطرف کرنے کا وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سے مطالبہ کیا۔ رکن قانون ساز کونسل نے انتہائی سخت لہجہ میں کہاکہ جئے پال ریڈی کو چاہئے کہ وہ اپنے ریمارکس سے دستبرداری اختیار کرکے فوری تلگو عوام سے معذرت کریں۔ بصورت دیگر اس کے سنگین نتائج کیلئے بھی تیار رہنے کا انتباہ دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ سیما آندھرا عوام کو پیش نظر رکھتے ہوئے جئے پال ریڈی کی جانب سے کئے گئے ریمارکس کے باوجود سیما آندھرا ارکان پارلیمان کی خاموشی انتہائی تکلیف دہ ہے۔
لہذا ابھی بھی سیما آندھرا علاقہ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان کو چاہئے کہ وہ جئے پال ریڈی کے ریمارکس پر اپنے ردعمل کا اظہار کریں۔ شریمتی این راجکماری نے گزشتہ دو سال سے سیما آندھرا عوام کے خلاف مرکزی وزیر جئے پال ریڈی کے ریمارکس پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ درحقیقت سابق چیف منسٹر مسٹر این چندرابابو نائیڈو کی تجویز ہے جس کو موجودہ حکومت روبہ عمل لارہی ہے۔