چندرائن گٹہ کے عوام موجودہ رکن اسمبلی سے بیزار، ایم بی ٹی کی کامیابی یقینی، انتخابی جلسہ سے ڈاکٹر قائم خان کا خطاب
حیدرآباد 27 اپریل ( سیاست نیوز) حیدرآباد سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا خاتمہ مرحوم قائد غازی ملت الحاج امان اللہ خاں نے کیا اور پرانے شہر کو مسلمانوں کے طاقتور قلعہ میںتبدیل کرنے کا سہرا انہی کے سر جاتا ہے۔ ڈاکٹر قائم خاں صدر مجلس بچاو تحریک و امیدوار حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ نے آج بارکس میں منعقدہ عظیم الشان انتخابی جلسہ عام سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ جو لوگ آج دولت کے بل بوتے پر غریب کی غربت کا مذاق اُڑا رہے ہیں انہیں اس بات کو یاد رکھنا چاہئے کہ دولت ،عزت ،شہرت یا عروج ہر وقت کیلئے کسی کے ساتھ نہیںرہتے بلکہ جب تکبر سر چڑھ کر بولنے لگتا ہے تو اللہ ایسے متکبر کو زیر کرتے ہوئے اسے سزا دیتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی ماحول میں اصولوں اور مسائل کے حل کی بنیاد پر سیاست درست ہے لیکن جب سیاسی طور پر اگر کوئی خود کو ناقابل تسخیر سمجھنے لگتا ہے تو اسے یہ جان لینا چاہئے کہ عوام بھی آزمائے ہوئے کو صرف اس وقت تک آزماتی ہے جب تک وہ برداشت کی متحمل ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر قائم خاں نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے عوام کی برداشت کی حدیں اب ختم ہوچکی ہے چونکہ حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے غیور عوام نے 23 سال تک غازی ملت کا دور بھی دیکھا ہے اور 15 سال سے ایک ایسے قائد کو بھی دیکھ رہے ہیں جو نہ صرف عوام کو بے بنیاد الزامات کے ذریعہ گمراہ کرنے کے عادی ہے بلکہ ان کے مظالم تمام حدود سے تجاوز کرچکے ہیں۔
ڈاکٹر قائم خاں نے بتایا کہ گذشتہ 15 سال کے دوران حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کی اکثریتی علاقوں میںموجود مساجد کے علاوہ قبور کو مسمار کیا گیا لیکن قیادت خاموش تماشائی بنی رہی ۔ اسی طرح چندرائن گٹہ سے قریب جی ایم آر ایر پورٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں مسجد عمر فاروق کو شہید کردیا گیا اس کے باوجود قیادت خاموش رہی۔ ڈاکٹر قائم خاں نے استفسار کیا کہ 15 سالوں کے دوران آخر کونسا کارنامہ متعلقہ رکن اسمبلی نے انجام دیا جس کی بنیاد پر وہ خود کو ووٹ کے مستحق قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دولت کے غرور اور نشہ میں جس انداز کی گفتگو کی جارہی ہے وہ مسلمانوں کے لئے ناقابل برداشت ہے کیونکہ جس دولت و غرور کا نشہ ظاہر کیا جارہا ہے وہ ایک فانی شئے ہے جبکہ ملت اسلامیہ کیلئے کوئی اثاثہ چھوڑا جاتا ہے وہ لافانی ہوجاتا ہے بلکہ روز محشر اس کا بدل بھی حاصل ہونے کی امید کی جاسکتی ہے ۔ لیکن حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے رکن اسمبلی شاید اس بات کو فراموش کرتے ہوئے اوقافی جائیدادوں کی تباہی کے مرتکب بن رہے ہیں۔
ڈاکٹر قائم خاں نے بتایا کہ آج ترقیاتی کاموں کے جو جھوٹے دعوے کئے جارہے ہیں اس کی حقیقت سے چندرائن گٹہ کے رائے دہندے اچھی طرح واقف ہیں کیونکہ چندرائن گٹہ کے علاقہ میں عوام 10 روپئے فی بیارل پانی خریدنے کیلئے مجبور ہیں۔ صدر مجلس بچاو تحریک نے کہ سود کی لعنت کے خاتمہ کیلئے مجلس بچاو تحریک بہترین منصوبہ رکھتی ہے جبکہ اتحاد المسلمین کے نام سے قائم ہمارے اسلاف کی جماعت کے قائدین اس بات کا اعلان کررہے ہیں کہ سودی رقومات سے غریب و مسکین لڑکیوں کی شادیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کی حفاظت و بازیابی کیلئے ایک منظم منصوبہ مجلس بچاو تحریک کے پاس تیار ہے جس کے ذریعہ تحریک علاقہ تلنگانہ کے تمام اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ جناب ڈاکٹر قائم خاں نے بتایا کہ مجلس بچاو تحریک کا مقصد قیام انصاف کے علاوہ ظلم کا خاتمہ ہے حصول انصاف کیلئے مجلس بچاو تحریک ہر طرح کی جدوجہد کرے گی اور مسلمانوں کو مساوی انصاف دلوانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی ۔ جناب امجد اللہ خاں خالد کارپوریٹر مجلس بچاو تحریک نے اس عظیم الشان جلسہ سے خطاب کے دوران مجلسی قائدین کو انتباہ دیا کہ وہ شخصی حملوں سے گریز کریں بصورت دیگر وہ زبان کھولنے پر مجبور ہوجائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ جو لوگ سودی اداروں سے آمدنی حاصل کررہے ہیں اُن لوگوں سے معاشی پسماندگی کے خاتمہ کی توقع کرنا فضول ہے ۔ اسی طرح جو لوگ تعلیم کی فروخت میں سبقت لیجانیکی کوشش میں مصروف ہے ان سے معصوم بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے کی کوشش کی توقع کرنا بے کار ہے ۔
جناب امجد اللہ خاں خالدنے بتایا کہ جن لوگوں کا تکبر سر چڑھ کر بول رہا ہو ان لوگوں سے انسانیت توقع کرنا بے فیض ہے اسی طرح جو لوگ ظلم کی انتہاء پر پہنچ چکے ہیں ان سے اچھے الفاظ کی توقع کرنا نا دانی ہے لیکن اس کے باوجود مجلس بچاو تحریک کے قائدین اس بات کی توقع کرتے ہیں کہ مخالفین شخصی بے بنیاد الزاموں کے بجائے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لیں گے ۔ کارپوریٹر مجلس بچاو تحریک نے بتایا کہ جن قائدین نے گذشتہ 15 برس کے دوران چندرائن گٹہ سے کامیابی حاصل کی وہ آج بھی دولت کے ذریعہ ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیںجبکہ مجلس بچاو تحریک جتنے حلقہ جات اسمبلی سے مقابلہ کررہی ہے ان تمام کے تمام نے تحریک کے امیدوار بے سر و سامانی کے عالم میں اللہ مددگار کے نعرے کے ساتھ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جن لوگوں کو اپنی دولت پر بھروسہ ہے وہ اس پر بھروسہ کریں لیکن انہیں بارکس کے غیور مسلمانوں پر یقین ہے کہ وہ اپنے امیدوار کے انتخاب میںکسی قسم کی غفلت نہیں برتیں گے ۔