18طلبہ کو 95فیصد سے زائد نشانات۔اردو میڈیم کے طلبہ کا بھی حوصلہ افزاء مظاہرہ ۔ جناب غیاث الدین بابو خان کا اظہار مسرت
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( راست ) : حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیاریٹبل ٹرسٹ کی زیر کفالت شہر کے مختلف کارپوریٹ جونیئر کالجس میں زیر تعلیم 61 غریب، یتیم اور یسیر طلباء و طالبات نے انٹرمیڈیٹ سال دوم کے امتحانات میںشاندا مظاہرہ کیا اور نتیجہ صد فیصد رہا۔61 کے منجملہ 18طلبہ نے 95فیصد سے زائد اور 29طلبہ نے 90فیصد سے زائد نشانات حاصل کئے۔ جن میں اول مقام حاصل کرنے والا طالب علم 98.5 فیصد نشانات حاصل کیا ہے۔ ان میں اردو میڈیم کے 6طلبہ شامل ہیں جن میں سے کرنول سے تعلق رکھنے والے ملا نثار باشاہ نے 95.5فیصد نشانات حاصل کئے۔ حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیاریٹبل ٹرسٹ نے ایس ایس سی میں امتیازی کامیابی حاصل کرنے والے ہونہار، باصلاحیت غریب، یتیم اور یسیر بچوں کی اعلیٰ تعلیم کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے انہیں شہر کے کارپوریٹ کالجس چیتنیا اور نارائنا جونیئر کالجس میں داخلہ دلایا
اور ان کی فیس کی ادائیگی کے علاوہ ان کے قیام و طعام کے انتظامات بھی کئے۔ ان پر جملہ 80 لاکھ روپیئے خرچ کئے گئے۔ ان طلبہ نے گذشتہ سال بھی انٹر سال اول میں امتیازی کامیابی حاصل کی تھی اور اب سال دوم میں بھی اسی شاندار کامیابی کا مظاہرہ کیا۔ امید ہیکہ ان طلباء کو IIIT، BITS PILANI اور Medicine میں داخلہ ملے گا۔ جناب غیاث الدین بابو خان ، چیرمین کی زیر نگرانی حیدرآباد زکوٰۃ اینڈ چیاریٹبل ٹرسٹ نے دور دراز کے دیہی علاقوں کے تنگ و تاریک جھونپڑیوں میں رہنے والے قوم کے بچوں کے مستقبل کو سنوارنے کے لئے ان کی کفالت کا سلسلہ شروع کیا تھا۔تعلیمی سال 2014-15 سے SSC میں 9.5 GPA سے زائد مارکس حاصل کرنے والے ہونہار غریب و مستحق لڑکوں کیلئے حیدرآباد انسٹیٹیوٹ آف ایکسیلیز وقارآباد میں داخلہ دلوایا جائے گا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹرسٹ کے تعاون سے ہزاروں غریب و ہونہار طلباء و طالبات پروفیشنل کورسس کی تکمیل کے بعد ملک و بیرون ملک اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں۔
ان میں سے کچھ طلباء و طالبات نے ٹرسٹ کے تعاون اور جناب غیاث الدین بابو خان کے جذبے سے متاثر ہوکر ٹرسٹ کو مستحکم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ دریں اثناء ٹرسٹ کے ترجمان کے مطابق انٹرمیڈیٹ سال اول میں بھی 6طلبہ نے 95فیصد سے زائد اور تین طلبہ نے امتیازی کامیابی حاصل کی۔ جنا ب غیاث الدین بابو خان نے ٹرسٹ کے زیر کفالت طلباء و طالبات کی شاندار کارکردگی پر مسرت و طمانیت کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے قوم کا اثاثہ ثابت ہوںگے۔جناب چیرمین نے جناب ایم اے نعیم کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے ان طلباء کی تعلیمی قابلیت کو ابھارنے کیلئے دن رات کوششیں کیں۔ اور ان تمام اہل خیر حضرات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس پروجیکٹ میں بھر پور تعاون کیا۔