حیدرآباد ریجنل پاسپورٹ آفس کی نمایاں کارکردگی ملک بھر میں سرفہرست

دہلی میں 26 جون کو ایوارڈس کی پیشکشی: ریجنل پاسپورٹ آفیسر وشنو وردھن ریڈی

حیدرآباد ۔ /20 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد ریجنل پاسپورٹ آفس پھر ایک مرتبہ ملک بھر میں نمایاں کارکردگی کیلئے سرفہرست ہے ۔ سالانہ 5 لاکھ پاسپورٹ کی اجرائی کا ریکارڈ قائم کرنے پر ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈاکٹر ای وشنووردھن ریڈی آئی ایف ایس کو مرکزی وزیر خارجہ شریمتی سشما سوراج /26 جون کو پاسپورٹ سیوا دیوس کے موقع پر نئی دہلی میں ایوارڈ عطا کریں گے ۔ اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈاکٹر ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد پاسپورٹ آفس نمایاں کارکردگی کیلئے A زمرے میں نامزد ہوا ہے اور وزارت خارجہ کی جانب سے انہیں کارکردگی کی زبردست ستائش حاصل ہوئی ہے ۔ اس تقریب میں ڈی جی پی تلنگانہ مہیندر ریڈی کو بھی پولیس کی نمایاں کارکردگی پر ایوارڈ پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پاسپورٹ آفس تلنگانہ پولیس کی مدد سے درخواست گذاروں کی اندرون 4 دن تنقیح کے بعد فی الفور پاسپورٹ جاری کررہا ہے ۔ ڈاکٹر وشنو وردھن ریڈی نے کہا کہ ملک بھر میں پولیس تنقیح 21 دن میں مکمل کئے جانے کے بعد ہی پاسپورٹ کی اجرائی عمل میں لائی جارہی ہے لیکن تلنگانہ پولیس کے "Veri Fast” اپلیکیشن کے ذریعہ اندرون 4 دن تنقیح مکمل ہونے کے بعد پاسپورٹ جاری کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پاسپورٹ آفس ہمیشہ پاسپورٹ کی اجرائی میں سرفہرست رہا ہے اور پھر ایک مرتبہ 5 لاکھ سے زائد پاسپورٹ کی اجرائی کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے تلنگانہ پولیس کی جانب سے تنقیح پاسپورٹ درخواستوں کی تنقیح کیلئے کئے جارہے اقدامات کی ستائش کی اور کہا کہ پولیس کی نمایاں کارکردگی کے نتیجے میں وہ فوری طور پر پاسپورٹس جاری کرنے میں مددگار ثابت ہورہے ہیں ۔