گلوبل سٹی بنانے کی کوشش جاری، کے تارک راما راؤ کی تقریر
حیدرآباد ۔ یکم مئی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی بلدی نظم و نسق و شہری ترقی کے تارک راما راؤ نے کہاکہ حکومت حیدرآباد کو گلوبل سٹی بنانے کی کوشش کررہی ہے اور حیدرآباد کے برانڈ امیج کو فروغ دینے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔ کے ٹی آر نے ایک پورٹل اور پندرہ روزہ رسالہ دکن پرایڈ کی رسم اجراء انجام دی اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حیدرآباد کے گلوبل سٹی کی حیثیت سے امیج کو پیش کرنے میں میڈیا اہم رول ادا کرسکتا ہے۔ میڈیا کو چاہئے کہ وہ شہر کی مالا مال تہذیب و ثقافت، سماجی و معاشی ورثہ کو اُجاگر کرے اور یہ بتایا جائے کہ حیدرآباد صرف تلنگانہ ہی نہیں پورے ملک میں بے مثال جگہ ہے۔ انھوں نے حیدرآباد کے شہریوں کے مسائل کو اُجاگر کرنے اور ان کا حل تجویز کرنے میں میڈیا کی کوششوں کی ستائش کی۔