حیدرآباد یونیورسٹی میں موجود تالابوں کے تحفظ کیلئے اقدامات

حیدرآباد۔ 27اپریل (سیاست نیوز) یونیورسٹی آف حیدرآباد میں موجود 4چھوٹے تالابوں کے تحفظ اور ان کے پانی کو قابل استعمال بنانے کے اقدامات کا آج آغاز کر دیا گیا ہے۔ یونیورسٹی میں موجود تالابوں کی صفائی کے بعد یہ پانی قابل استعمال ہو جائے گا۔ حکومت تلنگانہ نے یونیور سٹی میں موجود ان چھوٹے تالابوں کے تحفظ و صفائی کیلئے 85لاکھ روپئے منظور کیئے ہیں ۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے حکومت سے درخواست کی گئی تھی کہ آبی قلت کے بحران سے بچانے کیلئے تالابوں کی صفائی کا عمل شروع کیا جائے ۔ ڈاکٹر شیلندر کمار جوشی پرنسپل سکریٹری محکمہ آبپاشی نے بتایا کہ ریاست میں تالابوں اور کنٹوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے ۔ تقریب میں مسٹر کے سریش کمار چیف انجینئر ‘ وائی شیکھر ریڈی کے علاوہ پروفیسر پی اپا راؤ و دیگر موجود تھے۔