چیف جسٹس آف انڈیا سے کارگذار چیف جسٹس کی ملاقات ، صورتحال سے واقفیت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے مشترکہ ہائی کورٹ کے کارگذار چیف جسٹس جسٹس دلیپ بھوسلے نے آج چیف جسٹس آف انڈیا ٹی ایس ٹھاکر سے ملاقات کی جب کہ تلنگانہ میں ہائی کورٹ کی تقسیم کا مطالبہ کرتے ہوئے وکلاء اور جوڈیشیل عہدیداروں کے احتجاج میں شدت پیدا ہوگئی ہے ۔ جسٹس بھوسلے نے سمجھا جاتا ہے کہ دہلی میں چیف جسٹس آف انڈیا کو تلنگانہ کی صورتحال سے واقف کروایا ہے ۔ تلنگانہ کی عدالتوں میں آندھرائی نژاد ججس کے تقرر پر تلنگانہ کے وکلاء احتجاج کررہے ہیں ۔ چیف جسٹس آف انڈیا سے کارگزار جسٹس بھوسلے کی ملاقات غیر معمولی اہمیت اختیار کرلی ہے ۔ حیدرآباد میں ہائی کورٹ کی تقسیم کے مطالبہ میں شدت کے ساتھ ہی غیر یقینی حالات پیدا ہوئے ہیں ۔ ریاست بھر میں عدالتوں میں کوئی کام کاج نہیں ہورہا ہے ۔ وکلاء اور ججس نے عدالتوں کا بائیکاٹ کردیا ہے ۔ عدالتوں کے دیگر عملہ نے بھی کام کرنا بند کردیا ہے ۔ ججس اس ہفتہ ہائی کورٹ کی جانب سے اپنے 9 ساتھیوں کو معطل کرنے کے خلاف بھی احتجاج کررہے ہیں ۔ ہائی کورٹ نے ججس کے خلاف یہ کارروائی اس وقت کی جب ججس کے دیگر گروپ نے راج بھون تک ریالی نکال کر بڑے پیمانہ پر اپنے استعفیٰ پیش کئے تھے ۔ ٹی ایس ٹھاکر سے بھوسلے کی اس ملاقات سے ان دن قبل ہی تلنگانہ کے وکلاء نے ملاقات کی تھی اور ہائی کورٹ کی تقسیم کا مطالبہ کیا تھا ۔احتجاجی وکلاء نے آج بھی اپنا مظاہرہ جاری رکھا اور ہائی کورٹ کی تقسیم کیلئے زور دیا۔