حیدرآباد گولف کورس سے قلعہ گولکنڈہ کی عظمت کو خطرہ

تلنگانہ میں تہذیبی و ثقافتی میراث کی حفاظت کو یقینی بنانے ٹی آر ایس کا وعدہ ادھورا
حیدرآباد ۔ 8 جولائی (سیاست نیوز) قلعہ گولکنڈہ جو شہر حیدرآباد سے زیادہ قدیم ہے اس قلعہ کی حفاظت تلنگانہ کے تہذیبی و ثقافتی ورثہ کی حفاظت کی مترادف ہے لیکن حیدرآباد گولف کورس کی جانب سے نیا قلعہ کی ہیئت کو تبدیل کرتے ہوئے تہذیبی ورثہ سے چھیڑچھاڑ کی جارہی ہے۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اقتدار حاصل کرنے کیلئے عوام سے یہ وعدے کئے تھے کہ وہ حیدرآباد کے تہذیبی و ثقافتی ورثہ کی حفاظت یقینی بنائے گی لیکن ٹی آر ایس کے اقتدار میں آنے کے بعد بھی حیدرآباد گولف کورس کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کے آثار نظر نہیں آرہے ہیں۔ حیدرآباد گولف کورس اراضی جس میں بیشتر اوقافی اراضی بھی شامل ہے، کو سابقہ حکومت نے معمولی کرایہ پر متمول طبقہ کے شوق کو پورا کرنے کیلئے گولف کورس کے حوالے کیا تھا۔ قلعہ گولکنڈہ سے متصل نیا قلعہ کے راستہ کو مضبوط کرتے ہوئے گولف کورس کی سرگرمیوں کے خلاف متعدد مرتبہ غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ علاوہ ازیں حکومت کی توجہ دہانی کیلئے ضلع انتظامیہ سے نمائندگیاں کی گئی لیکن اس کے باوجود اس کے کوئی مؤثر نتائج برآمد نہیں ہوئے۔ گذشتہ یوم ایک مرتبہ پھر گولف کورس انتظامیہ نے اپنے راستہ پر خانگی دروازہ نصب کرتے ہوئے اس کا کنٹرول حاصل کرلیا اور عوامی راستہ کو مسدود کردیا جبکہ حکومت اور گولف کورس انتظامیہ کے مابین ہوئے معاہدہ میں اس طرح کے کسی بھی عمل کی ممانعت ہے۔ حکومت تلنگانہ بالخصوص محکمہ اقلیتی بہبود، محکمہ مال اور دیگر متعلقہ محکمہ جات اگر سنجیدگی سے اس پورے معاہدہ کا جائزہ لیتے ہیں تو ایسی صورت میں یہ بات سامنے آئے گی کہ درحقیقت گولف کورس امراء کے شوق کو پورا کرنے کیلئے تعمیر کیا گیا ہے اور طبقہ امراء کے اس شوق کی تکمیل کیلئے حیدرآباد کی تہذیبی شناخت سے بھی کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ گولف کورس کے تعمیر کا کام سابقہ حکومت کے ایک کابینی وزیر کے رشتہ دار کو تفویض کیا گیا تھا جن کا تعلق رائلسیما سے ہے اور متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود سابق وزیر مداخلت کے سبب گولف کورس کے تعمیری کام روکے نہیں گئے تھے۔ اب جبکہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے ریاست میں اقتدار حاصل کیا ہے تو ایسی صورت میں ٹی آر ایس کو چاہئے کہ وہ شہر کے تہذیبی و ثقافتی ورثا بالخصوص تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے سلسلہ میں سخت گیر اقدامات کرتے ہوئے تاریخ کو مٹانے کی جو کوششیں کی گئی تھی ان کوششوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کریں۔