چمن ، سبزہ زار ، سر سبزی وشادابی عوام کیلئے مرکز توجہ
حیدرآباد29دسمبر(یواین آئی)جنوبی ہند میں صدر جمہوریہ کی سرمائی قیامگاہ راشٹرپتی نیلائم کے چمن ، سبزہ زار ، سر سبزی وشادابی اور راک گارڈن ان دنوں عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ ہر سال صدر جمہوریہ کی راشٹرپتی نیلائم میں سرمائی چھٹیاں گزارنے کی روایت ہے ۔چھٹیاں گزارنے کے بعد تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے ان کی قومی دارالحکومت واپسی کے بعد عوام کے لئے ہر سال صرف دس دن کیلئے راشٹرپتی نیلائم کو عوام کے لئے کھولا جاتا ہے ۔اس سال اس کو عوام کیلئے 6جنوری تک کھلارکھاجائے گا۔اس کے چمن ، سبزہ زار اور خوب صورت نظاروں نے عوام کو اپنی طرف راغب کیا ہے اوربڑی تعداد میں لوگ ان قدرتی نظاروں کو دیکھنے کے لئے یہاں آرہے ہیں۔ تلنگانہ کے سکندرآباد کے بولارم کے 97ہیکٹرس پریہ راشٹرپتی نیلائم پھیلا ہوا ہے ۔اس کونظام حیدرآباد کے دور میں تعمیر کیاگیا تھا۔اس میں کئی قسم کے پھول اور پھل کے درخت ہیں،16کمروں والے اس نیلائم میں دربار محل ، ڈائننگ ہال کی علحدہ شناخت ہے ۔اس کی زیرزمین سرنگ کشش کی سبب بنی ہوئی ہے ۔ صدر جمہوریہ کی جانب سے افتتاح کئے گئے راک گارڈن، آبشار بچوں کے لئے کشش کا سبب بنے ہوئے ہیں۔اس کو دیکھنے والوں نے کہا کہ یہاں کے نظارے واقعی کافی خوب صورت ہیں اور یہاں کے چمن ، نظاروں اور آبشاروں کی بہتر طورپرنگرانی اور دیکھ بھال کی گئی ہے ۔راک گارڈن میں1830درخت لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بغیر میووں کے مختلف اقسام کے درخت بھی لگائے گئے ۔ اس پارک میں سات رنگوں کے 13اقسام کے درخت لگائے گئے ۔