حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں سب سے زیادہ رائے دہندے ۔ جوبلی ہلز دوسرے نمبر پر
حیدرآباد۔3ستمبر(سیاست نیوز) ضلع حیدرآباد میں ایک سال میں 54ہزار 190 ووٹوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔حیدرآباد کے 15اسمبلی حلقہ جات میں سب سے زیادہ رائے دہندے حلقہ یاقوت پورہ میں ہیں جن کی تعداد3 لاکھ 21ہزار 159تک پہنچ چکی ہے دوسرے نمبر پر جوبلی ہلز حلقہ ہے جہاں رائے دہندوں کی تعداد 3لاکھ 15ہزار 734ہے اور تیسرے نمبر پر کاروان ہے جہاں ووٹرس کی تعداد 2لاکھ 95ہزار 586 ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کے اجرائی کے ساتھ ہی سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے اس کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ہر حلقہ اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کے قائدین اس کام کی انجام دہی میں شخصی دلچسپی لے رہے ہیں۔فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کے مطابق حلقہ اسمبلی مشیر آباد میں 2لاکھ 62ہزار 146 رائے دہندے شامل ہیں جن میں 1لاکھ 47ہزار 681 مرد اور 1لاکھ 24ہزار461خواتین شامل ہیں۔حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں رائے دہندوں کی تعداد 2لاکھ 72ہزار 649 ہے جن میں 1لاکھ 32ہزار 167خواتین اور 1لاکھ 40ہزار 461 مرد شامل ہیں۔ حلقہ اسمبلی چارمینار میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 1لاکھ 96 ہزار 16 ہے جن میں 1لاکھ4ہزار 471 مرد ہیں اور 91ہزار499 خواتین شامل ہیں۔ حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ میں 2لاکھ 91ہزار 780 رائے دہندوں کی جملہ تعداد ہے جن میں 1 لاکھ 42ہزار 415 خاتون رائے دہندگان ہیں اور 1لاکھ 49ہزار 348مرد رائے دہندے موجود ہیں۔حلقہ اسمبلی بہادر پورہ میں 2لاکھ 52ہزار 301رائے دہندے ہیں جن میں 1لاکھ 21ہزار 282 خواتین اور 1لاکھ 30ہزار977 مرد شامل ہیں۔حلقہ اسمبلی نامپلی میں مسودہ فہرست کے مطابق2لاکھ 89ہزار161رائے دہندے موجود ہیں جن میں 1لاکھ 51ہزار 580 مرد اور 1لاکھ 37ہزار 539 خاتون رائے دہندے موجود ہیں۔ حلقہ اسمبلی گوشہ محل میں 2 لاکھ 27ہزار 242 رائے دہندے شامل ہیں جن میں 1لاکھ 6ہزار 817 خاتون اور 1 لاکھ 20ہزار 810 مرد رائے دہندے شامل ہیں۔ ضلع حیدرآباد میں موجود 15اسمبلی حلقہ جات میں مسودہ فہرست رائے دہندگان کے مطابق 38لاکھ 61 ہزار 9 رائے دہندے ہیں جن میں 18لاکھ 43ہزار 277 خواتین اور 20لاکھ 17 ہزار 448 مرد رائے دہندے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع حیدرآباد میں 284 تیسری جنس کے رائے دہندے ریکارڈ کئے گئے ہیں۔