پانچ دن کیلئے پولیس تحویل ، پوچھ گچھ کے ذریعہ محرکات کا پتہ چلانے کی کوشش
ایوت محل۔ 3 جنوری (پی ٹی آئی) مہاراشٹرا کے ایوت محل کے مقامی پولیس اور انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس)، حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں سے پوچھ گچھ کررہے ہیں جو یہاں اسلحہ کے ساتھ گرفتار کئے گئے تھے تاکہ اس بات کا پتہ چلایا جاسکے کہ آیا اِن اسلحہ کو ساتھ رکھنے کا مقصد کوئی دہشت گرد اقدام پر مبنی تھا یا نہیں۔ پولیس اس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کررہی ہے کہ آیا یہ اسلحہ کسی دہشت گرد اقدام کیلئے استعمال پر مبنی تھا یا انہیں جنگلی جانوروں کے شکار کیلئے استعمال کیا جارہا تھا تاہم ذرائع نے مزید تفصیلات بیان کرنے سے انکار کردیا۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے تین افراد 35 سالہ محمد مسیح الدین اویسی، 27 سالہ محمد عمر غازی اور 22 سالہ محمد معراج الدین کو گزشتہ روز اس وقت گرفتار کیا گیا جب پولیس نے عمر کھیڑ تحصیل کے تحت کھربی چیک پوسٹ کے قریب ان کی ویان کو روک لیا تھا۔ پولیس کو ان کے قبضہ سے ایک پستول، 60 کارتوس اور چند ڈیٹونیٹرس دستیاب ہوئے تھے۔ ان تمام کے خلاف قانون اسلحہ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جس نے انہیں پانچ دن کیلئے پولیس تحویل میں دے دیا۔ ایوت محل اور اکولہ سے تعلق رکھنے والی اے ٹی ایس ٹیمس دارتھی پولیس اسٹیشن میں ان نوجوانوں سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان تینوں سے ان کے ’باس‘ (سرغنہ) نے اسلحہ کے ساتھ عمر اکھیڑ پہنچ کر مزید چند ہدایات کیلئے انتظار کرنے کا مشورہ دیا تھا تاہم اس دوران انہیں گرفتار کرلیا گیا، لیکن تینوں نے پولیس سے کہا کہ وہ یہ اسلحہ حاصل کرنے والے کسی شخص کی شناخت سے واقف نہیں ہیں۔ اے ٹی ایس ٹیم نے ان کے موبائیل کال ریکارڈس، فیس بُک آئی ڈیز اور ای۔میل آئی ڈیز حاصل کرلئے ہیں۔