حیدرآباد کی ترقی میں ٹی آر ایس حکومت ناکام

خستہ حالی سڑکوں اور مسائل کے خلاف ا حتجاجی دھرنا، وی ہنمنت راؤ کا خطاب
حیدرآباد /21 ستمبر ( سیاست نیوز ) سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا مسٹر وی ہنمنت راؤ نے شہر میں سڑکوں کی خستہ حالت کے خلاف آج اندرا پارک پر ایک روزہ احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ جس کی کانگریس کے قائدین نے بھرپور تائید کرتے ہوئے حکومت سے جنگی خطوط پر اقدامات کرتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بھوک ہڑتال کا آغاز کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے ٹی آر ایس حکومت پر ترقیاتی کاموں کے معاملے میں شہر حیدرآباد کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ۔ جی ایچ ایم سی انتخابات کے دوران چیف منسٹر اور ان کے فرزند کے ٹی آر کی جانب سے کئے گئے وعدوں کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کو عالمی طرز پر ترقی دینے کا وعدہ کیا گیا تھا مگر حکومت کی غفلت لاپرواہی بد انتظامی کی وجہ سے تاریخی شہر حیدرآباد اپنی اصلی شناخت سے محروم ہو رہا ہے ۔ ناقصمیٹریل کے استعمال سے سڑکوں کی ابتر صورتحال ہے ۔ شہر کے تمام علاقوں میں سڑکیں خستہ حالت کا شکار ہیں ۔ جس سے عوام پریشان ہیں ۔ عوامی مشکلات کو حکومت کی نظر میں لانے کیلئے ا نہوں نے دھرنا منظم کیا ہے ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا سابق ریاستی وزیر مسٹر ایم ششی دھر ریڈی سابق مرکزی وزیر مسٹر بالرام نائیک سابق ارکان اسمبلی مسٹر ڈی سدھیر ریڈی مسٹر سری سیلم گوڑ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس ا قلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر محمد خواجہ فخرالدین جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر سید عظمت اللہ حسینی کے علاوہ دوسرے قائدین اور کانگریس کارکنوں نے شرکت کی ۔ مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت زندگی کے تمام شعبہ حیات میں ناکام ہوگئی ہے ۔ تلنگانہ کے صدر مقام شہر حیدرآباد میں سڑکوں کی یہ حالت ہے تو دیہی علاقوں کی کیا حالت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے حکومت نے جتنے بھی وعدے کئے ہیں ان میں ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا گیا ۔ مسٹر ملوبٹی وکرامارک نے کہا کہ حکومت آنکھ رکھ کر بھی نابینا کان رکھ کر بھی بہری ہے ۔ سڑکوں کی حالت کو خود سے نہیں دیکھ پارہی ہے اور کانگریس کی جانب سے عوامی مسائل اٹھانے پر سننے سے قاصر ہے ٹی آر ایس حکومت نے گریٹر حیدرآباد کی عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔
ایک عہدہ ، ایک پنشن پر ایکس سرویس مینس
کے ساتھ جوڈیشیل کمیٹی کی بات چیت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر : ( این ایس ایس ) : ریٹائرڈ جسٹس ایل نرسمہا ریڈی کی زیر قیادت جوڈیشیل کمیٹی نے ایک عہدہ ایک پنشن پر ایکس سرویس مینس بزرگ افراد کے ساتھ ایر فورس اسٹیشن حکیم پیٹ پر آج تبادلہ خیال کیا ۔ تقریبا 300 ایکس سرویس مینس جو کہ تلنگانہ کے تین سرویس سے تعلق رکھتے ہیں  اس گفتگو میں شامل رہے ۔ ایکس سرویس مینوں اور دیگر کی جانب سے اٹھائے گئے موضوعات اور نکات اور ان کی سفارشات پر غور کیا گیا ۔۔