حیدرآباد کو وائی فائی شہر بنانے کا فیصلہ: کے ٹی آر

نئی دہلی ۔ 26 ۔ اگست (پی ٹی آئی) حیدرآباد کو مکمل طور پر وائی فائی سہولت سے آراستہ ملک کا پہلا شہر بنانے کی کوشش کے طور پر حکومت تلنگانہ ان خدمات کی پیشکش کرنے والی مختلف ٹیلیکام کمپنیوں سے بات چیت میں مصروف ہے۔ تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سارے گریٹر حیدرآباد میٹرو پولیٹن علاقہ میں وائی فائی خدمات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) نے کہا کہ حیدرآباد کو وائی فائی خدمات سے آراستہ کرنے کیلئے ہم امریکہ کے ترقی یافتہ شہروں ہوسٹن اور ماؤنٹین ویو کا طرز اپنا رہے ہیں۔ اس ضمن میں خدمات فراہم کرنے والوں سے بات چیت جاری ہے۔ علاوہ ازیں احمد آباد اور بنگلور کا بھی مشاہدہ کیا جارہا ہے جہاں محدود بنیادوں پر وائی فائی خدمات دستیاب ہیں۔ اس سوال پر کہ آیا اس کیلئے کوئی وقت مقرر ہے۔ تارک راما راؤ نے جواب دیا کہ اس مقصد پر کام کیا جارہا ہے ۔ تاہم ہنوز کوئی قطعی وقت مقرر نہیں کیا گیا ہے۔ ایک کروڑ 20 لاکھ کی آبادی پر مشتمل شہر حیدرآباد ہندوستان کے بڑے آئی ٹی مراکز میں شمار کیا جاتا ہے۔