تلنگانہ میں روزگار کے مواقع۔’’انڈیا گیاجیٹ ایکسپو‘‘ سے کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔/19جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت حیدرآباد میں انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری میں اضافہ اور نئے گریجویٹس کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ جو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے فرزند ہیں‘ انہوں نے وزارت کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد انفارمیشن ٹکنالوجی سے متعلق قومی اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور حیدرآباد کو ملک میں آئی ٹی کے مرکز میں تبدیل کرنے کے منصوبہ کا اعلان کیا۔ تلنگانہ حکومت حیدرآباد کے موجودہ آئی ٹی مرکز کے موقف کی برقراری کے ساتھ ساتھ اس بات کی خواہاں ہے کہ یہاں موجود انفارمیشن ٹکنالوجی کے ادارے اپنی سرمایہ کاری دیگر علاقوں کو منتقل نہ کریں، اس کے لئے حکومت کی جانب سے ان اداروں کو ہر طرح کی مراعات کا تیقن دیا جارہا ہے۔ تارک راما راؤ نے آج حیدرآباد میں ’’ انڈیا گیاجیٹ ایکسپو 2014 ‘‘ کا افتتاح کیا۔ جس میں ملک اور بیرون ملک کے کئی نامور ادارے شرکت کررہے ہیں۔ کے ٹی راما راؤ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ سافٹ ویر کے شعبہ میں حیدرآباد کو ملک میں دوسرا مقام حاصل ہے اور ان کی حکومت چاہتی ہے کہ حیدرآباد ملک کے پہلے شہر کا درجہ حاصل کرے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ٹی آر ایس حکومت حیدرآباد کو ملک کے ہارڈ ویر مرکز میں تبدیل کرنے کا عہد کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی برآمدات 50ہزار کروڑ مالیتی ہیں اور آنے والے دنوں میں توقع کی جاسکتی ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت حیدرآباد شہر کو صنعت و حرفت کے شہر کے طور پر ترقی دے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بہت جلد مہیشورم علاقہ میں دو الکٹرانک مینوفیکچرنگ کلسٹرس قائم کئے جارہے ہیں جہاں بین الاقوامی سطح کے ہارڈ ویر سنٹرس تعمیر کئے جائیں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد کو وائیفائی شہر میں تبدیل کرنے کیلئے نامور اداروں سے حکومت مشاورت کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ انفارمیشن ٹکنالوجی سے متعلق ادارے اور انجینئرنگ کالجس پر مشتمل علحدہ علحدہ کنسورشیم قائم کئے جائیں تاکہ آئی ٹی اداروں میں تقررات کے سلسلہ میں انجینئرنگ کالجس کے فارغین کو فوری مواقع دستیاب ہوں۔