حیدرآباد /26 ستمبر ( آئی این این ) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اعلان کیا کہ ان کی حکومت نئی ریاست میں مزید خانگی یونیورسٹیوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کرے گی ۔ شمس آباد ایرپورٹ کے قریب نووٹیل ہوٹل پر یارک یونیورسٹی اور جی ایم آر اسکول آف بزنس کی طرف سے قائم شدہ شولِک اسکول آف بزنس کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے مسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ان کی حکومت حیدرآباد کو علم کے ایک بڑے مرکز میں تبدیل کرنے کیلئے یہاں زیادہ سے زیادہ یونیورسٹی کی قیام کی حوصلہ افزائی کرے گی ۔
یارک یونیورسٹی اور جی ایم آر کی طرف سے بزنس اسکولس کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ منیجمنٹ کی تعلیم تلنگانہ کے طلباء کیلئے فی الواقعی معاون ثابت ہوگی بالخصوص آئندہ چند برسوں کے دوران تلنگانہ میں صنعت کاری کی متوقع ترقی کی پیش نظر یہ انتہائی خوش آئند ہے ۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ ان کی حکومت بہت جلد رشوت ستانی سے پاک و صاف فراخدلانہ صنعتی پالیسی کا اعلان کرے گی جو سارے ہندوستان میں اپنی نوعیت کی منفرد ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مستقبل قریب میں سینکڑوں نئی صنعتیں اور تجارتی ادارے قائم ہوں گے کیونکہ حکومت میں مختلف صنعتوں کے قیام کیلئے پانچ لاکھ ایکر اراضی مختص کی ہے تاکہ صنعتوں کے قیام کے ذریعہ تلنگانہ کے نوجوانوں کو روزگار فراہم ہوسکے ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد کو بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ایک انتہائی پسندیدہ اور ترجیحی مقام قرار دیتے ہوئے یہ تیقن دیا کہ سرمایہ کار حیدرآباد اور ریاست کے دیگر حصوں میں اپنے اداروں کو محفوظ کرسکیں گے ۔
ٹاٹا سنس کے مہمان صدرنشین رتن ٹاٹا نے اجماع سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ریاست کی ترقی کیلئے کے سی آر کی طرف سے دکھائے جانے والے جوش و خروش کے سبب تلنگانہ تیز رفتار ترقی کرسکے گا ۔ رتن ٹاٹا نے کہا کہ ہندوستانی تعلیمی ادارے اب بزنس ایجوکیشن کے شعبہ میں امریکی تسلط کو ختم کردیں گے ۔ انہوں نے یہاں نئے بزنس اسکولس کے قیام کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ بزنس اسکولس کی تعداد میں اضافہ سے ملک میں مسابقتی ماحول پیدا ہوگا ۔ جی ایم آر گروپ کے چیرمین جی ملک ارجن راؤ ( جی ایم آر ) نے امید ظاہر کی کہ چندر شیکھر راؤ کی حکومت نے تلنگانہ تیز رفتار ترقی کرے گا ۔ شولِک اسکول آف بزنس کے ڈین ڈیزسو جے ہاورتھ نے کہا کہ یارک بزنس اسکول 20 سال قبل ہی ہندوستانی تعلیمی شعبہ میں داخل ہوچکا ہے ۔ اس تقریب میں وزیر تعلیم جگدیشور ریڈی ، راجیہ سبھا کے رکن کے کیشو راؤ ، چیوڑلہ کے رکن لوک سبھا وشویشور ریڈی ، مشیر برائے حکومت کے وی رمنا چاری اور دوسرے موجود تھے ۔