بنجارہ ہلز میں تجربہ ، وائیٹ ٹاپنگ روڈ کو دونوں شہروں کے علاوہ ریاست میں عمل کی تجویز
حیدرآباد /5 اگست ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد میں اب ایسی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی جو بظاہر سفید دکھائی دیں گی تاہم سڑکوں پر پانی کا ٹھہرنا اور بدلتے موسم کے ساتھ ان کی حالت کا بدلنا اور آرام کے بجائے تکلیف دہ نہیں بلکہ آرام دہ سڑکیں رہیں گی ۔ اس کوٹیشن کے آغاز کے ساتھ شہر کے پاش علاقہ بنجارہ ہلز میں اس اقدام کا آغاز ہوچکا ہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ شہر حیدرآباد کو عالمی معیار کا شہر بنانے کے منصوبہ کے تحت اس پراجکٹ کو عمل میں لایا جائے گا ۔ تاہم یہ وائیٹ ٹاپنگ روڈ صرف ایک کیلومیٹر کے فاصلے تک تعمیر کی جارہی ہے جو تجرباتی طور پر رہے گی ۔ اس کے کامیاب تجربہ کے بعد حکومت شہر حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے دیگر ہیڈ کواٹرس میں بھی اس طرح سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اخراجات میں زیادہ ہونے کے باوجود بھی ان وائیٹ ٹاپنگ سڑکوں کا معیار کافی مضبوط ہے اور ایک لمبے عرصہ تک یہ سڑکیں خراب نہیں ہوتیں جیسا کہ بی ٹی اور سی سی روڈ ہوا کرتی ہیں ۔ شدید بارش کے بعد نئی تعمیر شدہ سڑکیں بھی خستہ اور بدحال ہوجاتی ہیں اور ان سڑکوں پر سفر مشکل و تکلیف دہ ہوجاتا ہے ۔ وائیٹ ٹاپنگ کنکریٹ روڈ عام طور پر پارکنگ اور ایرپورٹ پر تعمیر کئے جاتے ہیں تاہم حیدرآباد میں سمنٹ تیار کرنے والی کمپنی نے خود اپنی شخصی دلچسپی سے آگے آتے ہوئے تجرباتی طور پر اس روڈ کی تعمیر کا آغاز کیا ۔ روڈ نمبر 10 بنجارہ ہلز پر زہرہ نگر علاقہ تک یہ سڑک تعمیر کی جارہی ہے ۔ اس سڑک پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق اخراجات زائد ہونے کے باوجود اس وائیٹ ٹاپنگ روڈ کی تعمیر پر حکومت توجہ مرکوز کر رہی ہے ۔ گذشتہ روز ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ نے بھی اس ٹکنالوجی سے متاثر ہوکر شہر کے علاوہ ریاست گیر سطح پر اس منصوبہ کو عمل میں لانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ اس ٹکنالوجی کے ذریعہ ماحول درست سڑکوں کی تعمیر کو یقینی بنایا جاسکتا ہے اور شہر کے دیگر علاقوں میں ان سڑکوں کی تعمیر کو یقینی بنانے کیلئے مشق جاری ہے ۔ ان سرکوں کی تعمیر کیلئے سڑکوں کی مکمل کھدوائی کی ضرورت نہیں اور نہ ہی زائد مزدوروں کی ضرورت پڑے گی ۔ اس خصوص میں چیف انجئینیر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر دھن سنگھ نے بتایا کہ ایک کیلومیٹر تجرباتی طور پر اس سڑک کو تعمیر کیا جارہا ہے اور سمنٹ تیار کرنے والی کمپنی خود اس سڑک کو اپنے اخراجات سے تعمیر کر رہی ہے ۔ اس سڑک کامیاب تجربہ کے بعد اس پراجکٹ کو وسعت دیا جائے گا اور اس کیلئے شہر کے اہم سڑکوں کی مشق جاری ہے ۔