بلکم پیٹ ۔ بیگم پیٹ روڈ کا افتتاح ، غریبوں کیلئے کالونی کی تعمیر کا سنگ بنیاد ، کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ حیدرآباد کو سلم سے پاک شہر بنانے کے منصوبے پر عملی اقدامات کا آغاز کرچکی ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج 396 فلیٹس کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ چیف منسٹر نے قبل ازیں بیگم پیٹ تا بلکم پیٹ نکالی گئی خصوصی راہداری کا افتتاح انجام دیا۔ بعدازاں اُنھوں نے پسماندہ اور غریب طبقات کے لئے امکنہ کی اسکیم کے تحت فلیٹس کی تعمیر کے سلسلہ میں سنگ بنیاد رکھا۔ اُنھوں نے اِس موقع پر اپنے خطاب کے دوران بتایا کہ ریاستی حکومت غریب عوام کو رہائش کی فراہمی کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کا تعاون حاصل کرتے ہوئے نئے مکانات کی تعمیر کو یقینی بنائے گی۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے حیدرآباد کو سلم سے پاک شہر بنانے کے متعدد اعلانات کئے جاچکے تھے لیکن تاحال عملی اقدامات کے متعلق کسی نے بھی سنجیدگی کا اظہار نہیں کیا لیکن ریاست تلنگانہ میں حکومت حیدرآباد کو سلم سے پاک شہر بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھے گی۔ اُنھوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے رہائش کی فراہمی کے سلسلہ میں جو اقدامات کئے جارہے ہیں اُن کے مطابق 520 اسکوائر فٹ پر مشتمل 2 بیڈ روم کے فلیٹ کی تعمیر کرتے ہوئے اِسے بے گھر عوام کے حوالے کیا جارہا ہے۔ اِس کی لاگت فی فلیٹ 7.90 لاکھ روپئے آرہی ہے۔ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے بتایا کہ آئی ڈی ایچ، بھوئی گوڑہ سکندرآباد میں موجود اِن سلم بستیوں میں جملہ 396 فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ )
حیدرآباد کو سلم سے پاک شہر بنانے کے اقدامات اِس موقع پر مسٹر ایم مہندر ریڈی ریاستی وزیر، مسٹر وی ہنمنت راؤ رکن راجیہ سبھا، مسٹر بنڈارو دتاتریہ رکن پارلیمنٹ سکندرآباد، مسٹر ٹی سرینواس یادو رکن اسمبلی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ آج جو سنگ بنیاد رکھا گیا ہے اُس کے مکمل تعمیراتی کاموں کی تکمیل کے لئے 6 ماہ کا وقت فراہم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ آئی ڈی ایچ کالونی میں فلیٹس کی تعمیر کے بعد یہ کالونی ماڈل کالونی کے طور پر دیکھی جائے گی اور اِسی کی مناسبت سے شہر کے دیگر سلم علاقوں کو ترقی یافتہ بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے اِس موقع پر سنجیویا پارک اور نیکلس روڈ کے قریب موجود سلم علاقوں کا بھی معائنہ کیا۔ بعدازاں اُنھوں نے عہدیداروں کو اِس خصوص میں ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ رکن اسمبلی سے مشاورت کے بعد اِن سلم علاقوں کی ترقی کے متعلق منصوبہ حکومت کو پیش کرے۔ اِس تقریب میں ریاستی وزیر آبکاری مسٹر ٹی پدما راؤ کے علاوہ مسٹر بی ونود کمار رکن پارلیمنٹ، پروفیسر جی چکرا پانی، مسٹر جی راجکمار ڈپٹی میئر کے علاوہ متعلقہ اراکین بلدیہ و عہدیداروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔