حیدرآباد کو آوارہ کتوں سے پاک بنانے کے اقدامات

حیدرآباد ۔ 7 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : شہر میں آوارہ کتوں کی کثرت کو دور کرنے کے لیے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد شہریوں اور مختلف غیر سرکاری تنظیموں کو شامل کرتے ہوئے اقدامات کرے گی ۔ کمشنر و اسپیشل آفیسر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے آج مختلف محکمہ جات و غیر سرکاری تنظیموں کے ذمہ داران کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے شہر میں آوارہ کتوں کی کثرت کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کو خارش زدہ کتوں سے پاک بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے اجلاس کے دوران بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد فی الحال آوارہ کتوں کو پکڑنے کے لیے 17 گاڑیاں رکھتی ہے ۔ روز افزوں موصول ہورہی متعدد شکایات کے پیش نظر اس میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 24 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور آوارہ کتوں کی افزائش کو روکنے کے لیے ٹیکہ اندازی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے ۔ اسی طرح خارش سے پاک شہر کے لیے بھی کتوں کی ٹیکہ اندازی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ ڈاکٹر سمپت آئی پی ایم نے اس اجلاس کے دوران دعویٰ کیا کہ گذشتہ برس کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ سال 2010-11 کے دوران 50 ہزار 181 کتوں کے کاٹنے کے واقعات درج کئے گئے تھے جب کہ 2011-12 میں 52 ہزار 264 واقعات کا اندراج عمل میں آیا تھا ۔ 2012

-13 کے دوران کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں کمی ریکارڈ کی گئی اور صرف 44 ہزار 118 واقعات آئی پی ایم سے رجوع ہوئے اور 2013-14 کے درمیان اس میں نمایاں کمی دیکھی گئی اور 42 ہزار 953 واقعات ریکارڈ کئے گئے لیکن گذشتہ برس یعنی 2014-15 کے درمیان 12 ہزار واقعات کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور صرف 30 ہزار 205 کتوں کے کاٹنے کے واقعات پیش آئے ۔ اس اجلاس میں بلو کراس کے علاوہ جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات انجام دینے والی مختلف تنظیموں کے نمائندے موجود تھے ۔ علاوہ ازیں مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں نے اس مسئلہ کے حل کے لیے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے طلب کردہ اس اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے تجاویز پیش کیں اور بتایا کہ شہر کو خارش زدہ کتوں اور آوارہ کتوں سے پاک بنانے کے لیے اقدامات کئے جانے چاہئے اور کتوں کی افزائش کو روکنے کے لیے خصوصی مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس بات کی خواہش کی کہ سب سے پہلے بلدیہ شہر کو ممبئی ، کولکتہ ، چینائی کے طرز پر خارش سے پاک بنانے کے اقدامات کرے ۔ مسٹر سومیش کمار کی زیر نگرانی منعقد ہوئے اس اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر مسٹر این روی کرن ، ڈاکٹر وینکٹیشور ریڈی چیف ویٹرنری آفیسر کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے ۔۔