حیدرآباد۔ 30 مارچ (این ایس ایس) حیدرآباد ہائیکورٹ نے آج حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ سی اے ) انتخابات کے نتائج کا اعلان کرنے کی ہدایت دی ۔ ہائیکورٹ نے سابق ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد اظہر الدین کی درخواست کو مسترد کردیا جنہوں نے ایچ سی اے انتخابات کو چیلنج کیا تھا۔ واضح رہے کہ اظہرالدین کی نامزدگی اس بناء پر مسترد کردی گئی تھی کہ وہ ایچ سی اے کے رکن نہیں ہیں اور تاحیات امتناع کا سامنا کررہے ہیں۔ مابقی 2 سرکاری مشیر ڈاکٹر وویک اور سابق کرکٹر جئے سمہا اس دوڑ میں شامل تھے۔ سیکریٹری کا انتخاب متفقہ طور پر کیا گیا اور شیش نارائن کا انتخاب عمل میں آیا۔ ایچ سی اے انتخابی نتائج کا گنتی کا عمل مکمل ہوتے ہی کسی بھی وقت اعلان کیا جاسکتا ہے۔ یہ انتخابات 17 جنوری کو منعقد ہوئے تھے۔