حیدرآباد 16 مارچ( پی ٹی آئی) حیدرآباد سٹی پولیس کے ایک یونٹ نے جو ملک میں گھوڑ سواری کا قدیم ترین اسکواڈ سمجھا جاتا ہے اور آصف جاہی نظام دور حکومت سے اس کا تعلق رہا ہے فی الحال گھوڑ سواری کے اسپورٹس اور پولو ٹیم کی تربیت دے رہا ہے۔ گھوڑ سوار پولیس کا بالعموم ہجوم پر کنٹرول ،طلایہ گردی اور رسمی و روایتی خدمات کی انجام دہی کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ تربیتی پروگرام کی نگرانی کرنے والے اے سی پی (امن و قانون) انجنی کمار نے کہا کہ ’’گھوڑ سواری اسکواڈ کیلئے گھوڑوں اور پولیس اہلکاروں کی تربیت جاری ہے اور ہم پولو ٹیم قائم کررہے ہیں آئندہ 45 دن میں ہم اسپورٹس پروگراموں کے آغاز کیلئے تیار ہوجائیں گے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ انڈین پولو اسو سی ایشن کے خصوصی اسٹیورڈ سراج عطاری اور حیدرآباد ریس کلب اور نیشنل پولیس اکیڈیمی جیسے مختلف اداروں کے ماہرین تربیت کیلئے مدد کررہے ہیں۔