حیدرآباد 21 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ ریاست میں حیدرآباد ٹریفک پولیس کو بہت جلد نیو یارک پولیس کے خطوط پر عصری آلات، کیمروں اور لیاپ ٹاپ سے لیس کیا جائے گا اس کے ساتھ انہیں برسر مقام جرمانے کرنے کا اختیار بھی دیا جائے گا ۔ حیدرآباد میں پولیس کو عصری بنانے کے منصوبہ کے حصہ کے طور پر مرکزی مقامات پر ٹریفک پولیس کو خصوصی کیمرے دیئے جائیں گے جن کے ذریعہ ٹریفک پولیس اور عوام کے مابین ہونے والی بات چیت برائے راست دیکھی جائے گی۔ ان کیمروں کو راست طور پر کنٹرول روم سے مربوط کیا جائے گا جہاں سے صورتحال کی نگرانی کی جائے گی۔ ایک کیمرے کی قیمت 1.5 لاکھ روپئے ہوگی اور حکومت تلنگانہ ابتدائی مرحلے میں ایسے 100 کیمرے خریدنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔