حیدرآباد میں 3 روزہ اربن موبیلیٹی کانفرنس کا آج سے آغاز

25 بیرون ممالک کے مندوبین کی شرکت ، شہری آبادیوں میں اضافہ کے مسائل پر غور
حیدرآباد۔3نومبر(سیاست نیوز) ہندستان تیزی سے شہری آبادیاتی علاقوں میں سر فہرست ملک میں تبدیل ہوتا جا رہا ہے اور سال 2030 تک ملک کی 40 فیصد آبادی شہری علاقوں میں شمار کی جائے گی۔ مسٹر مکند سنہا آئی اے ایس ‘ جوائنٹ سیکریٹری حکومت ہند نے پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مسٹر نوین متل آئی اے ایس‘ سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق ‘ مسٹر این وی ایس ریڈی منیجنگ ڈائریکٹر حیدرآباد میٹرو ریل کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ مسٹر مکند سنہا نے بتایا کہ ہندستان میں خانگی گاڑیوں کی تعداد میں آبادی کی رفتار سے زیادہ اضافہ ہو رہا ہے اور اسی وجہ سے شہری بادیوں کے چیالنجس میں بھی تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ انہو ںنے حیدرآباد میں 3 روزہ ’’اربن موبیلیٹی کانفرنس ‘‘ کے متعلق بتایا کہ یہ 10ویں کانفرنس حیدرآباد میں منعقد ہونے جا رہی ہے اور اس کی شروعات دہلی سے ہوئی تھی۔ 4نومبر سے شروع ہونے والی اس کانفرنس میں 25بیرونی ممالک کے مندوبین کے علاوہ 36 بیرونی شہروں کے مندوبین و ماہرین شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کا افتتاح نائب صدر جمہوریہ ہند مسٹر ایم وینکیا نائیڈو انجام دیں گے اور اس کانفرنس میں مرکزی وزیر امکنہ وشہری ترقیات مسٹر ہردیپ سنگھ پوری ‘ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ ‘ مسٹر کے ٹی راما راؤ کے علاوہ دیگر شرکت کریں گے۔ مسٹر نوین متل نے بتایا کہ کانفرنس کے دوران ٹریفک مسائل کے چیالنجس پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ شہر ی علاقوں میں بڑھ رہی آبادیوں کے سبب پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل سے کس طرحس ے نمٹا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں 1000 پالیسی ساز شرکت کریں گے جن میں ہندستانی شہروں کے مئیر ‘ اراکین بلدیہ‘ بلدی عہدیداروں کے علاوہ دیگر اہم شخصیات شامل ہو ں گی۔ اربن موبیلٹی انڈیا کانفرنس کے دوان ماہرین اپنے تجربات اور موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کروائیں گے۔ مسٹر مکند سنہا نے بتایاکہ ہندستان میں فی الحال 1/3 شہری آبادی ہے جو کہ شہروں میں بستے ہیں اور ان میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور جو اندازہ لگایا جا رہاہے اس کے مطابق ہندستان میں 2050 تک 50فیصد آبادی شہری علاقو ں میں پہنچ جائے گی اور ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جانی چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ شہری ترقی اور آبادیو ںمیں اضافہ ہندستان میں ریکارڈ کیا جا رہا ہے ۔ شہری علاقوں میں ٹرانسپورٹ سہولتوں کے سلسلہ میں تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فی الحال 16شہروں میں بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم موجود ہے جس کے ذریعہ 260کیلو میٹر کا احاطہ کیا گیا ہے اور مزید 300 کیلو میٹر بی آر ٹی ایس کے احاطہ کے لئے ترقیاتی کام جاری ہیں ۔ اسی طرح ہندستان بھر میں 380 کیلو میٹر میٹرو ٹرین کا جال پھیلا ہوا ہے جو مکمل طور پر کارکرد ہے۔ مسٹر مکند سنہا نے کہا کہ ہندستان میں میٹرو ٹرین کی شروعات 1986میں سب سے پہلے کولکتہ سے کی گئی تھی اور 2002میں میٹرو دہلی میں شروع کردی گئی ۔ انہو ںنے بتایا کہ خانگی گاڑیوں میں ہونے والے اضافہ کے سبب ملک بھر میں ہر 1000موٹر وہیکل کے سبب 130 اموات واقع ہو رہی ہیں جو کہ انتہائی تشویشناک بات ہے اس کو روکنے کے لئے معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے حکمت عملی ناگزیر ہے۔