اسمارٹ فونس ، ٹیبلٹس کو انٹرنیٹ سے مربوط کرنے کی سہولت
حیدرآباد /10 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) بھارتی ایرٹل اور حکومت تلنگانہ نے آج شہر حیدرآباد کے 17 مقامات پر پبلک وائی فائی کا آغاز کیا ۔ سمارٹ فونس ٹیبلٹس اور دیگر وائی وائی سے چلنے والے آلات سے استعمال کنندگان اب اس ہائی ٹیک شہر میں انٹرنیٹ سے اپنے آلات کو بہ آسانی مربوط کرسکتے ہیں ۔ آندھراپردیش اور تلنگانہ میں بھارتی ایرٹیل کے سی ای او وینکٹیش وجیا راگھون نے کہا کہ حیدرآباد کے 17 مقامات پر عوام وائی فائی خدمات سے استفادہ کرسکتے ہیں اور ہر استعمال کنندہ روزانہ 750 میگابائیٹ انٹرنیٹ سرویس استعمال کرسکتے ہیں ۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ نے کہا کہ دیگر مقامات پر ایسی ہی خدمات کی فراہمی کیلئے حکومت تلنگانہ دیگر اداروں سے بھی رابطہ کر رہی ہے ۔ تارک راما راؤ نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ محض شروعات ہے ۔ اندرون چار ماہ ہم اس موقف ہوں گے کہ سارے شہر ( حیدرآباد ) وائی وائی خدمات سے آراستہ کیا جائے گا ۔ ٹنڈر کا عمل جاری ہے ۔ شہر حیدرآباد کے سارے 700 مربع کیلومیٹر کے علاقہ کا وائی فائی کے ذریعہ احاطہ کیا جائے گا ‘‘ ۔ کوئی بھی جائز ہندوستانی فون نمبر رکھنے والے استعمال کنندگان اپنے موبائیل اور دیگر آلات پر وائی فائی کا سوئچ دباتے ہوئے شہر کے تمام 17 منتخب مقامات پر پبلک وائی وائی سرویس سے بہ آسانی مربوط ہوسکتے ہیں ۔ پبلک وائی وائی کے انتخاب پر بہ یک وقت ( ون ٹائم ) پاس ورڈ ( او ٹی پی ) دیا جائے گا جو استعمال کئے جانے والے موبائیل نمبر پر روانہ کیا جائے گا ۔ پاس ورڈ کی توثیق کے بعد استعمال کنندگان وائی فائی سے باضابطہ مربوط ہوسکتے ہیں اور انٹرنیٹ خدمات سے بھرپور لطف اندوز ہوسکتے ہیں ۔