حیدرآباد میں نائٹ شلٹرس میں سونے اور زندگی گزارنے والے افراد کے لئے کوئی مناسب ایکشن پلان نہیں

حیدرآباد 25دسمبر (یواین آئی )گریٹر حیدرآبادمیونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی) کی جانب سے شہر میں نائٹ شلٹرس میں سونے اور زندگی گزارنے والے افراد کے لئے کوئی مناسب ایکشن پلان نہ ہونے سے ایسے افراد کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور یہ افراد سڑکوں کے فٹ پاتھس پر سونے کے لئے مجبور ہیں ۔کئی کاموں کے سبب شہر آنے والے افراد ،اسپتالوں میں مریضوں کے رشتہ دار ،چھوٹے موٹے کام اور تجارت کے لئے دوسرے مقامات سے شہر آنے والے افراد سردی کے سبب پریشان ہیں اور یہ افراد فٹ پاتھس پر سونے کے لئے مجبور ہیں۔بس اسٹینڈس، ریلوے اسٹیشنس ، اسپتالوں کے قریب ایسے افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھاجارہا ہے ۔گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ایک سروے میں بتایا گیا ہے کہ شہر میں 1500افراد فٹ پاتھس پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔