مرکزی حکومت کے اسکیمات کے تحت اقلیتی نوجوانوں کو پیشہ ورانہ کورسیس کی تربیت
حیدرآباد۔/21فبروری، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی اسکیمات کے تحت تلنگانہ میں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو مختلف پیشہ ورانہ کورسیس میں ٹریننگ کیلئے حیدرآباد میں مولانا آزاد نیشنل اکیڈیمی فار اِسکلس ( مانس) کا سنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ قومی اقلیتی ترقیاتی و مالیاتی کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر ڈی ایس بیسٹ نے آج حیدرآباد میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ریاستوں میں مرکزی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عہدیداروں نے اقلیتی طلباء کو پیشہ ورانہ کورسیس میں تربیت سے متعلق اسکیمات میں مناسب حصہ داری کی خواہش کی اور کہا کہ اگر مولانا آزاد نیشنل اکیڈیمی فار اِسکلس کا سنٹر دونوں ریاستوں میں قائم کیا جائے تو تمام مرکزی اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ مسٹر ڈی ایس بیسٹ نے اس تجویز سے اصولی طور پر اتفاق کرلیا اور کہا کہ اگر دونوں ریاستیں سنٹر کے قیام کیلئے عمارت مہیا کریں تو وہ اس تجویز کو عملی جامہ پہناسکتے ہیں۔ تلنگانہ حکومت کے عہدیداروں نے حج ہاوز میں سنٹر کیلئے جگہ فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ اس اجلاس میں اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تلنگانہ سید عمر جلیل، اسپیشل سکریٹری آندھرا پردیش شیخ محمد اقبال، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و اسپیشل آفیسر وقف بورڈ محمد جلال الدین اکبر اور منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے شرکت کی۔ قومی اقلیتی ترقیاتی و مالیاتی کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر نے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ ٹریننگ کی فراہمی سے متعلق اسکیم کیلئے آمدنی کی حد کیلئے رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانس کا سنٹر ٹاملناڈو میں قائم کیا گیا جو ملک کا پہلا مرکز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت اقلیتوں کو پیشہ ورانہ کورسیس میں تربیت کی فراہمی میں خصوصی دلچسپی رکھتی ہے تاکہ ان کی معاشی صورتحال بہتر ہو۔ جاریہ سال ملک بھر میں 12000 نوجوانوں کو ٹریننگ دینے کا نشانہ تھا جسے آئندہ سال ایک لاکھ کرنے کی تجویز ہے۔ وزیر اعظم کے اقلیتوں کی ترقی سے متعلق 15نکاتی پروگرام کے تحت اس اسکیم کا آغاز کیا گیا۔ اس اسکیم کے تحت ٹریننگ کی فراہمی کے علاوہ کاروبار کے آغاز کے سلسلہ میں قرض بھی فراہم کیا جائے گا جس کی حد 30لاکھ روپئے تک ہے اس کی باز ادائیگی8.5فیصد سود کے ساتھ قومی کارپوریشن کو کرنی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ کیلئے اہلیت کے سلسلہ میں سابق میں امیدواروں کی سالانہ آمدنی کی حد دیہی علاقوں میں 84ہزار اور شہری علاقوں میں ایک لاکھ 3ہزار تھی جسے حکومت نے بڑھا کر 6لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں مانس کے سنٹر کے قیام سے مرکزی اسکیمات پر عمل آوری کی بہتر طور پر نگرانی ہوپائے گی۔ 2008ء کے بعد سے آندھرا پردیش میں مرکزی اسکیمات پر عمل آوری نہیں کی گئی۔ عہدیداروں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اقلیتوں کی بھلائی کے سلسلہ میں جن نئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے ان پر عمل آوری سے اقلیتوں کی معاشی ترقی ممکن ہے۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر نے مرکزی اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں بعض تجاویز پیش کیں۔ مرکزی عہدیدار نے یقین دلایا کہ وہ دونوں ریاستوں کے عہدیداروں سے باہم تال میل کے ذریعہ فراخدلانہ تعاون کریں گے۔