حیدرآباد میں صحافیوں کے بچوں کو مفت تعلیم کی فراہمی

ڈی ای او کے مکتوب کی اجرائی: تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کی کامیاب نمائندگی
حیدرآباد 12 ستمبر ( سیاست نیوز ) حیدرآباد ضلع میں برسرکار صحافیوں کے بچوں کو اول سے دہم تک مفت تعلیم فراہمی کی سمت خاصی پیشرفت میں ڈی ای او حیدرآباد نے اسکولس کے نام ایک مکتوب روانہ کردیا ہے ۔ ڈی ای او نے ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے ضلع حیدرآباد میں کام کرنے والے تمام خانگی اسکولس سے کہا ہے کہ وہ قانون حق تعلیم کے تحت صحافیوں کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کریں۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس اور حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے ڈی ای او سے مسلسل نمائندگی کی جا رہی تھی اور اس موثر نمائندگی پر ڈی ای او نے بھی مثبت رد عمل کا اظہار کیا تھا ۔ انہوں نے اب باضابطہ احکام جاری کردئے ہیں۔ تفصیلات کے بموجب جو صحافی حیدرآباد میں برسر کار ہیں ان کے اول تا دہم کے تعلیم حاصل کرنے والے دو بچوں کیلئے قانون حق تعلیم کے تحت مفت تعلیم فراہم کرنا اب یقینی ہوجائیگا ۔ جنرل سکریٹری تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس وراحت علی کے علاوہ حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس کے قائدین سید خلیل قادری ‘ وائی یادگیری ‘ ٹی کوٹی ریڈی اور دوسروں نے ایک بیان میں بتایا کہ جو صحافی حیدرآباد میں برسر کار ہیں وہ اپنی تصویر کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے والے دو بچوں کی دو دو تصاویر اور ان کے بونافائیڈ کے ساتھ تلنگانہ یونین آف جرنلسٹس سے رابطہ قائم کریں۔ یونین کی جانب سے ان بچوں اور والد / والدہ کے صحافی ہونے کی توثیق کے ساتھ ایک مکتوب ڈی ای او کو روانہ کیا جائیگا اور ڈی ای او کی جانب سے متعلقہ اسکولس کو فیس وصول نہ کرنے سے متعلق ہدایات جاری کردی جائیں گی ۔ اس طرح کی اسکیم پر پہلے ہی رنگا ریڈی ‘ محبوب نگر اور میدک اضلاع میں عمل آوری شروع ہوگئی تھی اور یونین کی جانب سے حیدرآباد میں اس کے نفاذ کے تعلق سے نمائندگی کی جا رہی تھی ۔ اب حیدرآباد میں بھی اس پر عمل آوری کا آغاز ہوگیا ہے اور یونین تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں بھی اس کو یقینی بنانے جدوجہد کریگی ۔ یونین قائدین وائی نریندر ریڈی ‘ وراحت علی ‘ سید خلیل قادری فیض محمد اصغر ‘ وائی یادگیری ‘ ٹی کوٹی ریڈی اور دوسروں نے صحافتی برادری سے خواہش کی ہے کہ وہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔ علاوہ ازیں ان قائدین نے متعلقہ ڈی ای او اور دیگر ارباب مجاز سے اس اسکیم پر عمل آوری کو یقینی بنانے پر بھی اظہار تشکر کیا ہے ۔