حیدرآباد یکم مارچ (یواین آئی )شہر حیدرآباد میں ٹاٹا اڈوانس سسٹم اینڈ بوئنگ جوائنٹ وینچر کی جانب سے آدی بٹلہ علاقہ میں بوئنگ طیاروں کے پرزوں کی تیاری کے مرکز کا افتتاح عمل میں آیا۔وزیردفاع نرملا سیتارامن نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔تقریب میں ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی تارک راما راو،ٹاٹاسنس کے سابق چیرمین رتن ٹاٹا،وزارت دفاع کے مشیر ستیش ریڈی نے شرکت کی۔ہوابازی کے شعبہ کی خصوصی معاشی زون میں 200 کروڑروپئے کے مصارف سے اس مرکز کو تعمیر کیاگیا۔بوئنگ اے ایچ 64کے پرزوں کی تیاری کے علاوہ اس مرکز میں اپاچے ہیلی کاپٹرس کی بھی تیاری عمل میں لائی جائے گی جس کی 15ممالک بشمول امریکہ میں کافی طلب ہے ۔تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹرئیل انفراسٹرکچر کارپوریشن لمیٹیڈ کی ہوابازی کے خصوصی معاشی زون میں طیاروں کے پرزوں کی تیاری کے مرکز کا سنگ بنیاد 15جون 2016کو اُس وقت کے وزیر دفاع منوہر پاریکر،ٹاٹا گروپ کے چیرمین رتن ٹاٹا ،تلنگانہ کے وزیرانفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راو نے رکھا تھا۔ٹاٹا اڈوانسڈ سسٹمس لمیٹیڈ اوربوئنگ کمپنی نے اشتراک کرتے ہوئے ٹاٹا بوئنگ کامشترکہ ادارہ قائم کیا تھاجس کی جانب سے ہوابازی کے خصوصی معاشی زون کی 13ایکڑ اراضی پر 200کروڑ روپئے کے صرفہ سے یہ انڈسٹری قائم کی گئی تھی۔