حیدرآباد میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے کی تجویز

سارے ملک میں مثالی بنانے کوشاں ، وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے حیدرآباد میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تعمیر کیے جانے والے ڈبل بیڈ روم مکانات سارے ملک کے لیے رول ماڈل ثابت ہوں گے ۔ کے ٹی آر نے آج بلدی علاقوں بالخصوص حیدرآباد میں تعمیر ہونے والے ڈبل بیڈ روم مکانات کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کیا ۔ اس موقع پر سکریٹری بلدی نظم و نسق نوین متل کے علاوہ دوسرے عہدیداروں کے ساتھ تعمیری شعبہ سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی ہے ۔ خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر بلدی نظم  و نسق نے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات پر تمام پہلوؤں  کے ساتھ غور کیا اور کہا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات اس طرح تعمیر کی جائے کہ سارے ملک کے لیے رول ماڈل ثابت ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ وعدے کے مطابق حیدرآباد میں ایک لاکھ مکانات تعمیر کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام بنیادی سہولتوں کے مطابق تعمیرات کو یقینی بنانے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ آئندہ 2 سال میں اسکائی ویز کے کامو ںکو پورا کیا جائے گا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت کے رہنمایانہ اصول کے باعث شہر حیدرآباد میں رئیل اسٹیٹ شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے جب کہ ملک کے دیگر شہروں میں رئیل اسٹیٹ کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے ۔ انہوں نے اجلاس میں شریک تعمیری شعبہ کے ماہرین کو بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ ڈبل بیڈ روم مکانات کے معاملے میں کافی سنجیدہ ہے ۔ حکومت کی جانب سے غریب عوام کے لیے تعمیر کیے جانے والے ڈبل بیڈ روم مکانات ایک سماجی ذمہ داری ہے ۔ شہر کو سلم علاقوں سے پاک بنانے میں یہ اسکیم کارآمد ثابت ہوگی ۔ سلم علاقوں میں مقیم عوام کو اعتماد میں لینے کے لیے رضاکارانہ تنظیموں کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔ وہ جہاں مقیم ہیں وہیں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات کے لیے انہیں راضی کرایا جارہا ہے ۔ سمنٹ کمپنیوں کے نمائندوں سے مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں کم قیمت پر سمنٹ سربراہ کرنے سے سمنٹ کمپنیوں کے نمائندوں نے اتفاق کیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات کے لیے مفت ریت سربراہ کی جائے گی ۔ جن مقامات پر ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں وہاں تمام بنیادی سہولتوں کے ساتھ تعلیم اور طب کے ساتھ دوسری سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ اس اسکیم کے لیے ہڈکو سے فنڈز حاصل کیے جارہے ہیں ۔ بلز کی ادائیگی میں کوئی مسائل پیدا نہیں ہوں گے ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ شہر کے مضافات میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کے لیے 600 ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ تعمیری شعبہ کے ماہرین نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کا خیر مقدم کیا ۔ جی  ایچ ایم سی کے حدود میں چند مقامات پر ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات کے لیے جاری کردہ ٹنڈرس میں مزید 5 دن کی توسیع دینے کا مطالبہ کیا ۔ تعمیری شعبہ کے ماہرین کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر کے ٹی آر نے اتفاق کرتے ہوئے معمولی تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔