شمس آباد ایرپورٹ پر تصویری نمائش، امریکی سفیر کینتھ جسٹر نے افتتاح کیا
حیدرآباد ۔ 21۔ فروری (سیاست نیوز) حیدرآباد میں امریکی قونصلیٹ کے قیام کو 10 سال مکمل ہوگئے۔ اس موقع پر امریکی قونصلیٹ نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے اشتراک سے ایک دہا طویل قونصلیٹ کی خدمات پر مشتمل تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا ۔ امریکی سفیر کینتھ آئی جسٹر نے اگزیبیشن کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر سی ای او جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ ایس جی کے کشور اور امریکی کونسل برائے حیدرآباد کیتھرین ہڈا موجود تھے ۔ اس موقع پر امریکی سفیر نے کہا کہ حیدرآباد میں امریکی مشن کی 10 سالہ سرگرمیوں پر مشتمل تصویری نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے میں فخر محسوس کرتا ہوں۔ ایک فوٹو گرافر کی حیثیت سے میں جانتا ہوں کہ تصاویر کس طرح کہانی بیان کرنے کا ذریعہ ہے ۔ یہ تصاویر امریکی سفارتی عہدیداروں کے ہندوستانی ساتھیوں اور طبقات کے ساتھ کام کرنے اور دونوں ممالک کے مسائل کی یکسوئی کی کہانی بیان کرتی ہے ۔ انہوں نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے نمائش کے اہتمام میں تعاون کیا جس کے ذریعہ روزانہ پہنچنے والے ہزاروں افراد کو ہند۔امریکی تعلقات کی تفصیلات فراہم کی جارہی ہے ۔ تصاویر کا آغاز 2006 ء میں اس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے دورہ حیدرآباد سے آغاز ہوا ہے اور 2017 ء کے گلوبل انٹر پرینرشپ سمٹ تک کا احاطہ کیا گیا ۔ ایرپورٹ پر دو ہفتوں کے لئے تصویری نمائش جاری رہے گی، بعد میں یہ تلنگانہ ، آندھراپردیش اور اڈیشہ کے مختلف مقامات پر منعقد ہوگی۔ ایس جی کے کشور چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے حیدرآباد ایرپورٹ پر امریکی سفیر کا استقبال کیا ۔ انہوں نے حیدرآبادی قونصلیٹ کے 10 سال کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایم آر ورا لکشمی فاؤنڈیشن امریکی قونصلیٹ کے اشتراک سے غریب طلبہ کے لئے کام کر رہی ہے تاکہ انہیں کمیونٹی کالج انیشیٹیو پروگرام کے تحت امریکہ میں تعلیم کا اہتمام کیا جائے ۔ فاؤنڈیشن کے دو ساتھیوں کو انٹرنیشنل وزیٹر لیڈرشپ پروگرام کیلئے منتخب کیا جاچکا ہے۔ کونسل جنرل کیتھرین ہڈا نے کہا کہ قونصلیٹ کے 10 سال کی تکمیل کے موقع پر کونسل جنرل کی حیثیت سے فرائض کی انجام دہی پر انہیں خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تصاویر ان شعبہ جات کا احاطہ کرتی ہے جس میں قونصلیٹ خدمات انجام دے رہا ہے ۔