حیدرآباد۔/27 ستمبر، ( سیاست نیوز) میڈیکل شاپس کل بند ہیں لیکن حیدرآباد کے میڈیکل شاپس نے اس بند میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد ریٹیل میڈیکل شاپس اسوسی ایشن ( جی ایچ آر ایم ایس اے ) نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ28 ستمبر کو میڈیکل بند ( ایک دن کا احتجاج ) میں حصہ نہیں لیں گے۔ جی ایچ آر ایم ایس اے کے جنرل سکریٹری کشن مراری نے کہا ہے کہ 28ستمبر کو آل انڈیا آرگنائزیشن آف کیمسٹس اینڈ ڈرگسٹ ( اے آئی آر سی ڈی ) نے میڈیکل شاپس بند کا اعلان کیا ہے اور اس کی حمایت میں کل ریاست تلنگانہ میں بھی میڈیکل شاپس بند رہیں گے لیکن حیدرآباد نے اس بند میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کشن مراری نے بند میں حصہ نہ لینے کی اصل وجہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے برعکس دیگر مقامات پر دوائیں ڈسٹری بیوٹرس کے پاس جاتی ہیں اور اس کے بعد ڈسٹری بیوٹرس ان دواؤں کو فروخت کرتے ہیں جس کے بعد عوام کے ہاتھ یہ دوائیں لگتی ہیں جبکہ حیدرآباد میں یہ طریقہ کچھ مختلف ہے جیسا کہ ڈسٹری بیوٹرس راست اپنی ادویات فروخت کردیتے ہیں۔ اس طرح حیدرآباد میں عوام کو راست ڈسٹری بیوٹرس سے ہی ادویات مل جاتی ہیں۔ اے آئی اور سی ڈی نے یہ بند ادویات کی آن لائین فروخت کرنے کی حکومت کی اجازت کے خلاف کیا ہے کیونکہ ای فارما سیز ہندوستان میں کہیں بھی آن لائین ادویات فروخت کرسکتے ہیں۔ حیدرآباد میں عوام کو ادویات راست ڈسٹری بیوٹرس سے مل جاتی ہیں لہذا انہیں بند کے درپردہ مقصد سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اس لئے حیدرآباد میں میڈیکل شاپس بند نہیں رہیں گے۔