حیدرآباد لبریشن ڈے :کے سی آر کی خاموشی پر بی جے پی کا سوال

حیدرآباد۔ 7 ستمبر (آئی این این) بی جے پی تلنگانہ یونٹ کے صدر جی کشن ریڈی نے 17 ستمبر کو ’’حیدرآباد لبریشن ڈے‘‘ کی تقریب سرکاری سطح پر منانے پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی خاموشی پر سوال اٹھایا ہے۔ یہاں اسٹیٹ بی جے پی آفس میں آج میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ گزشتہ سال کے سی آر نے وعدہ کیا تھا کہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد لبریشن ڈے کو شاندار پیمانے پر منایا جائے گا، تاہم چندر شیکھر راؤ اس مسئلہ پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں حالانکہ بی جے پی اور دیگر گروپس کی جانب سے اس سلسلے میں بارہا اپیلیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے پوچھا کہ آیا ٹی آر ایس آزادانہ طور پر حکومت چلا رہی ہے یا شہر کی ایک جماعت کے دباؤ میں کام کررہی ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی اور کرن کمار ریڈی نے ان کے دورِ حکومت میں لبریشن ڈے نہیں منایا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت اس ایونٹ کو سرکاری طور پر منائے اور 17 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کرے۔