امن و امان برقرار رکھنے ڈاکٹر جے گیتا ریڈی کی اپیل
حیدرآباد /14 مئی (سیاست نیوز) سینئر کانگریس قائد و سابق وزیر بھاری مصنوعات ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے پرانے شہر میں فرقہ وارانہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہر میں امن و امان کی برقراری اور کسی بھی طرح کی افواہوں پر توجہ نہ دینے عوام سے اپیل کی ہے۔ انھوں نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ حیدرآباد شہر گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے، یہاں کے عوام ایک دوسرے کی روایت اور تہذیب کی قدر کرتے ہیں اور عیدین و تہواروں میں ایک دوسرے کے ساتھ شامل رہتے ہیں۔
انھوں نے دو فرقوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہونے اور جانی و مالی نقصان پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآبادی عوام کی تہذیب ہندوستان میں بے مثال ہے، لہذا اس کشیدگی کو ختم کرنے، امن و امان کی بحالی، آپسی اختلافات اور غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے ہر طبقہ کے لوگوں کو آگے آنا چاہئے، تاکہ شہر کی گنگا جمنی تہذیب کو فروغ ملے اور عوام ہنسی خوشی ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہیں۔ ڈاکٹر گیتا ریڈی نے ایک بار پھر شہریان حیدرآباد سے پُرخلوص خواہش کی کہ وہ امن و امان کی بحالی کے لئے اپنا تعاون پیش کریں، افواہوں اور غیر سماجی عناصر کی باتوں پر کوئی توجہ نہ دیں، کیونکہ یہ عناصر شہر کے حالات کو مکدر کرنا چاہتے ہیں، لہذا ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان عناصر کی کوششوں کو ناکام بنادیں۔