حیدرآباد سے سافٹ ویر برآمدات 64 ہزار کروڑ تک پہنچ جانے کا امکان

جاریہ مالیاتی سال آئی ٹی شعبہ میں مزید 20 ہزار ملازمین کا اضافہ متوقع ، آئی ٹی سکریٹری ہرپریت سنگھ کا بیان
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : جاریہ مالیاتی سال (2014-15) کے دوران حیدرآباد سے سافٹ ویر برآمدات 63 ہزار تا 64 ہزار کروڑ تک پہنچ جانے کا امکان ہے ۔ ایک سینئیر عہدیدار نے آج یہ بات بتائی ۔ تلنگانہ آئی ٹی ، الیکٹرانکس اینڈ کمیونیکیشنس سکریٹری ہرپریت سنگھ نے کہا کہ یہ برآمدات مالیاتی سال 2013-14 میں تقریبا 57 ہزار کروڑ روپئے کی تھیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ اس سال جملہ آئی ٹی برآمدات ، اگر 13 فیصد شرح ترقی واقع ہو تو 63 ہزار تا 64 ہزار کروڑ روپئے تک پہنچ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں جملہ 3.2 لاکھ لوگ کام کررہے ہیں اور توقع ہے کہ اس میں اس مالیاتی سال کے دوران مزید 20 ہزار ملازمین کا اضافہ ہوگا ۔ وہ حیدرآباد سافٹ ویر انٹرپرائزس اسوسی ایشن کی سالانہ کانفرنس اور ایوارڈس کے 23 ویں ایڈیشن کی تفصیلات کا اعلان کرنے کے لیے منعقدہ ایک ایونٹ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کررہے تھے ۔ یہ کانفرنس 11 اور 13 مارچ کو منعقد ہونے والی ہے ۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے اس سلسلہ میں کئی اقدامات کئے ہیں ۔ بشمول اسٹارٹ اپ یکو سسٹم ، ہم ملک کا سب سے بڑا ٹکنالوجی انکوبیشن سنٹر ، ٹی ۔ ہب قائم کررہے ہیں ۔ جس سے اسٹارٹ ، اپس کے لیے ترقی کی راہ ہموار ہوگی ۔ اس اسٹارٹ اپ سسٹم سے حیدرآباد میں آئی ٹی کمپنیوں کی اچھی تعداد کا قیام ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے انجینئرنگ کالجس سے فارغ ہو کر نکلنے والے گریجویٹس کے لیے روزگار کے بہتر مواقع کو یقینی بنانے کے لیے ہم اسکل ڈیولپمنٹ کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نصاب کو انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق بنانے کے لیے جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی کے ساتھ کام کررہے ہیں ۔ حیدرآباد میں انفارمیشن ٹکنالوجی اینڈ انوسٹمنٹ ریجن (ITIR) پراجکٹ کے قیام پر ایک سوال پر مسٹر سنگھ نے کہا کہ آئی ٹی آئی آر پلاننگ کے مرحلہ میں ہے ۔ ہم سائبر آباد سے بہتر انفراسٹرکچر رکھنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں ۔۔