حیدرآباد اور امراوتی کے مابین ایکسپریس وے اور بلیٹ ٹرین

تلنگانہ حکومت کی تجاویز سے مرکز کا اصولی طور پر اتفاق
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش کے صدر مقام امراوتی ، وجئے واڑہ اور تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد کو عنقریب ایکسپریس ہائی وے اور بلیٹ ٹرین سے مربوط کیا جائے گا ۔ تلنگانہ کی حکومت نے دونوں ریاستوں کے مابین ترقیاتی راہداری قائم کرنے کے لیے ایک تجویز مرکز کو روانہ کی ہے تاکہ نیشنل ہائی وے 65 کو اپ گریڈ کرتے ہوئے دونوں ریاستوں کے صدر مقام شہروں کو ایکسپریس ہائی وے سے اور ہائی اسپیڈ بلیٹ ٹرین سے مربوط کیا جاسکے جو ہائی وے پر متوازی چلائی جائے گی ۔ ممبئی اور پونے ایکسپریس وے کے خطوط پر حیدرآباد اور وجئے واڑہ کو 270 کلومیٹر فاصلے تک مربوط کرنے کی تجویز ہے ۔ اس طرح 8 رخی راستے کو اپ گریڈ کیا جائے گا ۔ حیدرآباد اور امراوتی کو بلیٹ ٹرین سے مربوط کرنے کا پلان وزیر ریلوے سریش پربھو کو پیش کیا گیا ۔ ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی نرسیا گوڑ کو یہ معاملہ مرکزی حکومت سے رجوع کرنے کی ذمہ داری گئی ہے ۔ وزارت ریلوے اور روڈ ٹرانسپورٹ نے تجاویز سے اصولی طور پر اتفاق کرلیا ہے ۔ ان پراجکٹس کی تکمیل سے دونوں ریاستوں میں سیاحت کو کافی فروغ ہوگا ۔۔