حیدرآباد آکر سردار پٹیل کی یاد تازہ ہوجاتی ہے ‘ نریندر مودی

شہر میں آمد کے بعد بی جے پی قائدین و کارکنوں سے وزیر اعظم کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ جب بھی شہر حیدرآباد پہونچتے ہیں سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یاد تازہ ہوجاتی ہے ۔ جنہوں نے حیدرآباد اسٹیٹ کو مملکت ہندوستان میں انضمام کرانے کے لیے جو جدوجہد کی ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ وزیراعظم نے سقوط حیدرآباد تحریک میں حصہ لینے والے مجاہدین کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ۔ میٹرو ریل کا افتتاح اور گلوبل عالمی کانفرنس میں شرکت کرنے خصوصی طیارے سے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہونچنے والے نریندر مودی نے بیگم پیٹ ایرپورٹ کے احاطے میں بی جے پی کے قائدین اور پارٹی کارکنوں سے ابتداء میں تلگو میں خطاب کیا سارا علاقہ مودی ۔ مودی کے نعروں سے گونج رہا تھا ۔ انہوں نے تلگو زبان میں کہا کہ حیدرآباد پہونچکر انہیں بے حد خوشی ہورہی ہے کیوں کہ حیدرآباد کے ساتھ سردار ولبھ بھائی پٹیل کا نام جڑا ہوا ہے ۔ جنہوں نے حیدرآباد اسٹیٹ کو ہندوستان میں ضم کرایا تھا ۔ سقوط حیدرآباد کے دوران شہید ہونے والے مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تلنگانہ کے 4 کروڑ عوام کو مبارکباد پیش کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کے معاملے میں بی جے پی عہد کی پابند ہے ۔ ریاستوں کی ترقی کے معاملے میں کوئی سیاست نہیں ہوتی مرکزی حکومت تمام ریاستوں کی ترقی کے لیے کام کررہی ہے ۔ وہ ہندوستان کے تمام ریاستوں کے ساتھ ٹیم انڈیا بن کر کام کررہے ہیں ۔ ریاستوں کی ترقی میں مرکزی حکومت مکمل تعاون و اشتراک کرے گی ۔ تلنگانہ کی ترقی میں مرکزی حکومت کوئی بھی رکاوٹ آنے نہیں دے گی ۔ تلنگانہ کا شمار تیزی سے ترقی کرنے والی ریاستوں میں ہوتا ہے ۔ ترقی اور مسابقت کی دوڑ میں تلنگانہ سے مرکز کا مکمل تعاون ہونے کا تیقن دیا ۔ تلنگانہ کی ترقی میں ہر ممکن تعاون کرنے کا تیقن دیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ان کا خیر مقدم کرنے والے بی جے پی کے قائدین و کارکنوں سے اظہار تشکر کیا ۔ مادر وطن کے لیے بی جے پی کارکنوں کی تڑپ کو سلام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھر رہی ہے ۔ اس کا اعزاز بی جے پی کارکنوں کو جاتا ہے ۔ میٹرو ریل کے افتتاح کے لیے وزیراعظم نریندر مودی اپنے ساتھ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن اور بی جے پی کے فلور لیڈر جی کشن ریڈی کو لے گئے ۔