حیدرآبادی شوٹر گستی نوریہ کو اسکیٹ ایونٹ میں گولڈ

نیشنل شوٹنگ چمپئن شپ میں تلنگانہ کے دیگر شوٹرز بھی کامیاب
حیدرآباد ، یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حیدرآبادی شوٹر گستی نوریہ نے نیشنل شوٹنگ چمپئن شپ کی کلے پجن اسکیٹ کیٹگری میں گولڈ میڈل جیت کر شاندار مظاہرہ پیش کیا ہے۔ ویسے تلنگانہ کے دیگر نشانہ بازوں نے بھی جئے پور اور ٹریوینڈرم میں جاری قومی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی پیش کی ہے۔ جئے پور کے جگت پورہ میں اوسیس، راجستھان اسٹیٹ اسپورٹس کونسل انڈور شوٹنگ رینج میں منعقدہ شاٹ گن ایونٹس میں 62 ویں نیشنل شوٹنگ چمپئن شپ کے تحت ویٹرن مینس کیٹگری میں گستی نوریہ اپنے زمرہ کے فائنل میں بہت متاثرکن رہے جیسا کہ انھوں نے 110 اسکور کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا۔ ٹاملناڈو کے راجہ راجگوپال (109) نے سلور اور کرناٹک کے ڈی پی ساویا ساچی (104) نے برونز میڈل پایا۔ تلنگانہ کی عابد علی خان، سید محمد محمود اور ایس ایم طاہر قادری پر مشتمل 50 میٹر مینس رائفل پرون ٹیم نے اسمال بور رائفل اینڈ پسٹل ایونٹس منعقدہ وٹی یورکاوو شوٹنگ رینج، ٹریوینڈرم میں سلور میڈل جیتا۔ عابد علی نے 614.3، سید محمود نے 611.4 جبکہ طاہر قادری نے 606.2 اسکور کئے۔