حیثیت

شیخ سعدیؒ نے لکھا ہے کہ ایک فقیر نے کسی بادشاہ سے ایک دینار کا سوال کیا۔بادشاہ نے اسے ڈانٹ دیا: ’’ بادشاہوں سے اتنی حقیر رقم کا سوال نہیں کرتے۔ یہ ان کی شان کے خلاف ہے۔‘‘ فقیر نے جاگیر کا سوال کیا تو بادشاہ نے پھر ڈانٹ دیا: ’’ یہ سوال تمہاری حیثیت سے بڑھ کر ہے۔ بادشاہوں کے سامنے اپنی حیثیت سے بڑھ کر سوال کرنا گستاخی ہے۔‘‘ حضرت شیخ سعدی ؒکا مطلب یہ ہے کہ کوئی کام کرنے سے پہلے اس کے ہر پہلو کو سوچ لینا چا ہئے۔
’’خوش اخلاقی میں سبقت‘‘
امریکی صدر جیفر سن رنگ و نسل کے امتیازکے خلاف تھا، ایک دن وہ اپنے پوتے کے ساتھ گھوڑے پر سوار کہیں جارہا تھا کہ یکا یک راستے سے ایک حبشی نمودار ہوا، اس نے بصد احترام ٹوپی اُتار کر صدر جیفرسن کو سلام کیا۔ صدر نے بڑی خندہ پیشانی سے جواب دیا، مگر اس کے پوتے نے یہ کہتے ہوئے منہ پھیر لیا ’’ بھلا یہ کالا آدمی ہماری برابری کیونکر کرسکتا ؟ ‘‘ صدرجیفر سن نے کہا: ’’ مگر یہ کالا ہونے کے باوجود خوش اخلاقی میں تم سے سبقت لے گیا، اور یہ بات میرے لئے ناقابل برداشت ہے کہ تم خوش اخلاقی میں اس سے شکست کھاگئے ہو۔‘‘