حکومت 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کی پابند

درج فہرست طبقات کی بہبود حکومت کی اولین ترجیح :چیف منسٹر
حیدرآباد 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ درجہ فہرست قبائیلی طبقات کی بہبود کیلئے اقدامات کرنے اور انہیں (قبائیلی طبقات کو) 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کیلئے دیئے گئے تیقن کو پورا کرنے کی پابند ہے ۔ آج یہاں بنجارہ ہلز میں بنجارہ آدی واسی ،دلت بھونس کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعداپنے خطاب میں مسٹر چندر شیکھر راو نے مذکورہ بات کہی اور بتایا کہ تلنگانہ ریاست میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیر قیادت حکومت آئندہ سال کے بجٹ سے قبائیلی طبقات کو تین ایکڑ اراضیات فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور بہت جلد وزارت قبائیلی بہبود کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ انہوںنے مزید کہا کہ لمباڑوں، قبائیلیوں کی زندگیوں میں نہ صرف بہتری پیدا کی جائے گی بلکہ ان کی فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے غربت کے باعث قبائیلی طبقات کی جانب سے لڑکیوں کو فروخت کرنے کے پیش آنے والے واقعات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے قبائیلی لڑکیوں کی فروخت کا مکمل سدباب کرنے کے مقصد سے قبائیلی طبقات کے بچیوں کی شادی کیلئے حکومت نے کلیان لکشمی اسکیم کو متعارف کیا ہے ۔ مسٹر کے چندر شیکھر راو نے بالواسطہ طور پر سیاسی جماعتوں کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت خواہ کتنے ہی مثبت اقدام کرے و کتنے ہی فلاح و بہبودی پروگراموں کو روبہ عمل لائے ان پروگراموں کے تعلق سے روکاوٹیں حائل کرنے والے بعض سیاسی قائدین پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ کسی سے ڈرنے و گھبرانے والے چیف منسٹر ہر گز نہیں ہیں انہوں نے تانڈوں میں سڑکوں کیلئے رقومات مختص کرنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ سیوا لعل جینتی تقاریب کو بڑے پیمانے پر منعقد کی جائیں گی۔