حکومت ہر محاذ پر ناکام برسر عام مباحث کیلئے سی پی ایم کا چیلنج

حیدرآباد۔2 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ سی پی ایم سکریٹری مسٹر ٹی ویرابھدرم نے ٹی آر ایس سے انتخابی وعدوں اور تیقنات پر عمل آوری میں ناکامی کے تعلق سے کسی بھی مقام پر اور کسی بھی وقت برسر عام مباحث کے لیے چیلنج کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 30 جنوری کو وہ مباحث کے لیے تیار تھے لیکن حکومت کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ ویرا بھدرم نے عوامی مسائل سے حکومت کو واقف کروانے اور ناکامیوں کے تعلق سے عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے شروع کی گئی پد یاترا کے موقع پر جگناتھ پورم ضلع کتہ گوڑم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل پر سی پی ایم کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ ڈبل بیڈروم مکانات، دلت خاندانوں کو تین ایکڑ اراضی، کے جی تا پی جی مفت تعلیم، کسانوں کی قرضہ جات کی معافی اور دیگر وعدوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے کہا کہ اگر انہیں فرہست نہ ہو تو کم از کم کسی وزیر کو مباحث کے لیے روانہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کا یہی طرز عمل برقرار رہا تو تمام سماجی طاقتو ںکو متحد کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر احتجاجی مہم شروع کی جائے گی۔