مخلوط حکومت کے حلیف لالوکو مدعو کرنا غلط نہیں : چیف منسٹر بہار
راگھوپور(بہار) ۔31جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر نتیش کمار نے آج اپوزیشن پر تنقید کی اور حکومت کے فیصلہ کا دفاع کیا جس میں صدر آر جے ڈی لالو پرساد کو ایک سرکاری تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔ پروگرام کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ بی جے پی لالو پرساد کی پروگرام میں موجودگی پر اعتراض کررہی ہے ۔ آر جے ڈی کے صدر سرکاری تقریب میں کیوں نہ شریک ہوں وہ سابق چیف منسٹر اور برسراقتدار اتحاد کے ایک قائد ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ گٹھ بندھن دھرم کی لفظاً و معناًعمل آوری کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کے اختیار میں ہے کہ مخلوط حکومت میں شریک آر جے ڈی اور کانگریس کو ہر فیصلہ میں شامل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور این ڈی اے قائدین کو بھی پروگرام میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی لیکن وہ شریک نہیں ہوئے ۔
انہوں نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ترقیاتی کام پر بھی سیاست کررہی ہے ۔ آج کی تقریب پر بی جے پی کے اعتراض پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دریائے گنگا پر ایک پُل کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب تھی ۔ یہ دوسری مرتبہ ہے جب کہ نتیش کمار نے آج کے پروگرام کے بارے میں وضاحت کی ۔ لالو پرساد نے راگھو پور میں اس تقریب میں شرکت کی ۔ ان کے ہمراہ ان کے وزیر بیٹے تیجسوی یادو اور تیج پرتاپ بھی تھے ۔ قائد اپوزیشن قانون ساز کونسل سشیل مودی نے کل تقریب میں لالو پرساد کو مدعو کرنے پر اعتراض کیا تھا اور کہا تھا کہ حکومت کے اس پروگرام میں ایک ایسے شخص کو مدعو کرنے کا کیا جواز ہے جو نہ تو وزیر ہیں اور نہ رکن پارلیمنٹ اور نہ رکن اسمبلی وہ چارہ اسکام مقدمہ میں ضمانت پر رہا شخص ہیں ۔لالو پرساد نے اس مسئلہ پر بی جے پی پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اور نتیش کمار کے درمیان اچھی ہم آہنگی موجود ہے اور برقرار رہے گی ۔ نہ صرف آئندہ پانچ سال تک بلکہ آئندہ 20سال تک اس کا سلسلہ جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ ان کی میعاد کے دوران انہوں نے ریلوے کو چمکادیاتھا اور اب اپنے اچھے کام سے بہار کو چمکائیں گے۔