حکومت کے وعدہ کی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کا مطالبہ

عام آدمی پارٹی کے معاون کنوینر پروفیسر ویشویشور راؤ کا بیان

حیدرآباد ۔ 17 ستمبر (سیاست نیوز) عام آدمی پارٹی نے آج اس بات کا مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جن مختلف اسکیمات کا وعدہ کیا گیا ہے ان پر مؤثرانداز میں عمل درآمد کیلئے فوری اقدامات کرے۔ پارٹی نے اینٹی کرپشن بیورو میں زیرالتواء کیسیس کی عاجلانہ یکسوئی کا بھی مطالبہ کیا۔ عام آدمی پارٹی کے معاون کنوینر پروفیسر پی ایل ویشویشور راؤ نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے مسلمانوں سے کئی وعدے کئے لیکن ان پر مؤثرانداز میں عمل درآمد نہیں کیا گیا جس کی وجہ کئی خامیاں، تاخیر، کرپشن اور فنڈس کا بیجا استعمال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات، شادی مبارک اسکیم، سبسیڈائزڈ قرضہ جات کی فراہمی، دو بیڈروم مکانات، بیواؤں، معذورین اور سینئر سٹیزنس کیلئے پنشن اسکیم، اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دینے، قبرستانوں کی حفاظت اور تعمیر، وقف بورڈ کو اختیارات دینے کے وعدے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وعدے ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں شامل تھے لیکن ان پر مناسب طور پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے مسلمانوں کیلئے 1000 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن تاحال گذشتہ چھ ماہ کے دوران صرف 100 کروڑ روپئے جاری کئے گئے جس کی وجہ کئی اسکیمات پر عمل درآمد نہیں ہوا۔