غریبوں اور کمزور طبقات کے لیے بھلائی کے کام ، ٹی آر ایس ایم ایل سی پی راجیشور ریڈی کا ادعا
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے رکن قانون ساز کونسل پی راجیشور ریڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹی آر ایس حکومت غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی کیلئے کام کر رہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجیشور ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ہمیشہ غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی اور ترقی دامن گیر رہتی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت نے ان طبقات کیلئے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا ہے ۔ مسلمانوں اور درج فہرست قبائل کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کا ذکر کرتے ہوئے راجیشور ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر اپنے وعدہ کی تکمیل کی سمت پیشرفت کر رہے ہیں۔ دونوں طبقات کو تحفظات فراہم کرنے کیلئے علحدہ کمیشن قائم کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم تحفظات پر کسی قانونی رکاوٹ کے بغیر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے ماہرین قانون سے مشاورت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے مسلمانوں سے جو وعدہ کیا تھا ، اس پر بہر صورت عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ قانونی اور دستوری نقائص سے پاک بل اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پیش کرنے کا چیف منسٹر نے تیقن دیا ہے اور عوام کو وعدہ پر عمل آوری کے سلسلہ میں شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہئے ۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ غریبوں کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے اور یہ اسکیم ملک کی مقبول اسکیمات میں شامل ہوچکی ہے ۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ انتخابات سے قبل عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے ، ان پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے ۔ کسانوں کے قرضہ جات کی معافی ٹی آر ایس حکومت کا کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کانگریس قائدین اور کودنڈا رام پر غلط بیانی سے کام لینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حقائق جانتے ہوئے بھی یہ قائدین عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ نئے تقررات کا حوالہ دیتے ہوئے ٹی آر ایس قائد نے کہا کہ حکومت نے مرحلہ وار طور پر تقررات کا فیصلہ کیا ہے اور ابھی تک کئی محکمہ جات میں تقررات کئے گئے ۔ حکومت نے کنٹراکٹ لکچررس کو باقاعدہ بنانے کا جو تیقن دیا تھا ، اس پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین خود اس معاملہ میں اہم رکاوٹ تھے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قائدین اور کودنڈا رام ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیںلیکن ان کی یہ کوششیں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تلنگانہ کی ترقی کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور کوئی بھی طاقت انہیں روک نہیں پائے گی ۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ ریاست کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا دراصل عوام دشمنی کے مترادف ہے اور اپوزیشن جماعتیں تلنگانہ عوام کے ساتھ کھلے عام دشمنی کر رہی ہیں۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے عدالتوں کا سہارا لیا جارہا ہے اور کسانوں کو اراضیات حوالے کرنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کے لئے کسان رضاکارانہ طور پر اراضیات حکومت کے حوالے کر رہے ہیں۔