حکومت کی عدم توجہ سے مکہ مسجد خستہ حالی کا شکار ، چھت کی مرمت ناگزیر

آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ماہرین کا معائنہ ، درستگی اور مرمت کا منصوبہ تیار
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون (سیاست نیوز) 400 سالہ قدیم تاریخی مکہ مسجد کی نگہداشت پر سابقہ حکمرانوں کی عدم توجہی کے نتیجہ میں نہ صرف چھت بلکہ دیواروں میں نقائص پیدا ہوچکے ہیں۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ماہرین نے ان نقائص کا پتہ چلاتے ہوئے درستگی اور مرمت کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے مکہ مسجد کی چھت کی درستگی اور دیگر مرمتی کاموں کے سلسلہ میں 8.4 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں اور اس کام کی ذمہ داری آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کو دی گئی۔ محکمہ کی ڈائرکٹر این آر وسالاچی کے مطابق مرمتی کاموں کے سلسلہ میں ٹنڈرس طلب کرلئے گئے ہیں اور تکنیکی بنیادوں پر ان کی جانچ جاری ہے۔ ٹنڈرس کو قطعیت دیئے جانے کے بعد توقع ہے کہ جولائی کے پہلے یا دوسرے ہفتہ سے مرمتی کاموں کا آغاز ہوجائے گا۔ چھت اور دیگر کاموں کے سلسلہ میں آرکیالوجیکل سروے نے جو منصوبہ تیار کیا ہے ، اس کے تحت مکہ مسجد کے عقبی حصہ کو مکمل طور پر بند کردیا جائے گا اور اسی حصہ سے تعمیری و مرمتی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ ڈپارٹمنٹ نے عقبی حصہ کو اپنی تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا ہے جہاں سیاحوں اور عام آدمی کو داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی۔ مکمل بیریکیٹنگ کے ذریعہ اس کام کو انجام دیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ نماز کے اوقات میں مرمتی کام انجام نہیں دیئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ نماز جمعہ کے پیش نظر جمعہ کے دن کام بند رہے گا جبکہ اتوار کام کا دن ہوگا۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا مکہ مسجد کے احاطہ میں اپنا ایک آفس قائم کرے گا جہاں کام کی نگرانی کیلئے سپروائزرس ہوں گے ۔ محکمہ کے اعلیٰ عہدیدار وقتاً فوقتاً مرمتی کاموں کی نگرانی کریں گے۔ ڈائرکٹر آرکیالوجیکل سروے نے بتایا کہ مکمل عمارت کا تحفظ اولین ترجیح ہے کیونکہ گزشتہ 400 برسوں میں کوئی مرمتی کام انجام نہیں دیئے گئے۔ بارش کے ساتھ ہی پانی چھت میں داخل ہورہا ہے ، اس کے علاوہ عمارت کے دیگر حصوں میں بھی نقائص پیدا ہوچکے ہیں۔ کم سے کم ان کاموں کی تکمیل کیلئے 18 ماہ کا وقت لگے گا۔ مسجد کی چھت پر ڈانبر اور سمنٹ کی موٹی پرت ہے جس کو صاف کرنے کے بعد ہی چھت کی مرمت کا کام انجام دیا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق ڈانبر اور سمنٹ کا ملبہ تقریباً 50 لاری تک نکالنا پڑے گا جس کے بعد ہی مسجد کی حقیقی چھت ظاہر ہوگی۔ ان پرتوں کو نکالنے کا کام احتیاط سے انجام دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دیواروں کی کیمیکل صفائی اور پتھروں کے درمیان موجود خلاء کو پُر کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دیواروں کی صفائی کے علاوہ مسجد کے سجہ کی مرمت کا کام بھی باقی ہے۔ ڈائرکٹر آرکیالوجیکل نے کہا کہ برٹش ریسیڈنسی کی نگہداشت کا کام انجام دینے والی ماہرین کی رائے حاصل کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ان تمام شعبوں کے ماہرین سے رائے حاصل کی جائے گی، جن سے متعلق مرمتی کام مکہ مسجد میں انجام دیاجانا ہے ۔ حکومت نے پہلے مرحلہ میں ایک کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ ڈائرکٹر آرکیالوجی نے انکشاف کیا کہ مزید دو کروڑ روپئے کی اجرائی کے سلسلہ میں حکومت کو تجویز پیش کی گئی ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی یہ رقم بھی جاری کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر مقررہ شیڈول کے مطابق مرمتی کام انجام دیا جاتا ہے تو تعمیری لاگت میں اضافہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مرمتی کاموں کی انجام دہی کے دوران حادثات سے بچنے کیلئے حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔