حکومت کی دعوت افطار و ملبوسات کی تقسیم کیلئے رقم کی اجرائی

گرانٹ ان ایڈ سے ائمہ و مؤذنین کی تنخواہیں، سکریٹری فینانس کے احکامات
حیدرآباد۔/4جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے دعوت افطار، غریب خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم اور ائمہ و مؤذنین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے 26کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ اس سلسلہ میں سکریٹری فینانس این شیو شنکر نے آج دو علحدہ احکامات جاری کئے۔ جی او آر ٹی 2291کے تحت 12کروڑ روپئے جاری کئے گئے جس کے تحت تلنگانہ کی 5000 مساجد کے ائمہ و مؤذنین کو فی کس 1000 روپئے ادا کئے جائیں گے۔ حکومت نے ائمہ اور موذنین کیلئے ماہانہ ایک ہزار روپئے کی ادائیگی کا اعلان کیا ہے۔ اس اسکیم پر جاریہ ماہ سے عمل آوری ہوگی۔ حکومت نے بجٹ میں وقف بورڈ کیلئے امداد کے طور پر 53کروڑ روپئے مختص کئے تھے اور 13کروڑ 25لاکھ پہلے جاری کردیئے گئے۔ اب 12کروڑ کی اجرائی کے بعد مزید 27کروڑ 75لاکھ روپئے کی اجرائی باقی رہے گی۔ حکومت نے وقف بورڈ کی گرانٹ اِن ایڈ سے ائمہ اور مؤذنین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا فیصلہ کیا ہے۔ جی او آر ٹی 2293 کے تحت 14کروڑ روپئے، منصوبہ جاتی مصارف کے تحت جاری کئے گئے ۔
جس میں 4کروڑ روپئے دعوت افطار اور 10کروڑ روپئے غریب خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم کیلئے خرچ کئے جائیں گے۔