حکومت کی دعوت افطار و طعام پر کامیابی کے ساتھ عمل آوری کے اقدامات

ضلعی کلکٹرس و ایس پیز سے ربط ، اے کے خاں ڈائرکٹر جنرل اے سی بی کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے ریاست بھر کی منتخب مساجد میں دعوت افطار اور طعام کے انتظامات کے سلسلہ میں ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے شہر اور اضلاع میں اس پروگرام پر کامیابی سے عمل آوری کیلئے ضلع کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس سے ربط قائم کیا۔ حکومت گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 100 مساجد میں دعوت افطار اور طعام کے انتظامات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ اضلاع میں ہر اسمبلی حلقہ کے تحت ایک مسجد میں افطار کا انتظام کیا جائے گا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود ایم جے اکبر اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے ساتھ منعقدہ اس اجلاس میں ذمہ داریوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ پولیس عہدیداروں کے تعاون سے اس پروگرام پر عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا تاکہ مساجد کمیٹیوں کو الاٹ کی جانے والی رقم کا بیجا استعمال نہ ہو اور اسکیم پر عمل آوری میں شفافیت رہے۔ مساجد میں افطار ، طعام اور غریبوں کو کپڑوں کی تقسیم کی ذمہ داری ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو دی گئی جبکہ یتیم خانوں میں افطار اور دیگر امور کی ذمہ داری اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کو دی گئی ہے۔ اے کے خاں نے ضلع کلکٹرس اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے ربط قائم کیا اور ہر رکن اسمبلی سے ان کے حلقہ کی ایک مسجد کا نام حاصل کرنے کی خواہش کی تاکہ وہاں افطار اور طعام کا انتظام کیا جاسکے۔ چونکہ حیدرآباد میں چیف منسٹر کی دعوت افطار 12 جولائی کو ہے، لہذا اسی دن شہر کی 100 اور اضلاع کی مساجد میں افطار اور طعام کا انتظام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کل منعقدہ اجلاس میں 60 مساجد کے ذمہ داروں نے شرکت کی تھی لہذا باقی 40 مساجد کمیٹیوں کے ساتھ منگل کو دوبارہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ حکومت افطار اور طعام کیلئے ہر مسجد کو دو لاکھ روپئے الاٹ کرے گی ۔ ابتداء میں یہ رقم دو مراحل میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن اب یہ رقم ایک ساتھ مسجد کمیٹی کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کردی جائے گی ۔ اس پروگرام میں شفافیت اور رقومات کے بیجا استعمال کو روکنے کیلئے مقامی پولیس اور اسپیشل برانچ کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ ہر مسجد میں ایک ہزار کپڑوں کے پیاکٹس تقسیم کئے جائیں گے اور امکان ہے کہ 13 یا 14 جولائی کو یہ تقسیم عمل میں آئے گی۔ ہر غریب خاندان کیلئے کپڑوں کے پیاکیج میں ساڑی ، شرٹ شلوار ، کرتا پائجامہ اور ٹوپی شامل رہیں گے۔ اس سلسلہ میں ٹنڈرس طلب کئے جارہے ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں نے کہا کہ ان اسکیمات پر کامیاب عمل آوری کیلئے متعلقہ انسپکٹر پولیس اور دیگر عہدیدار مسجد کمیٹی سے تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رقم کے استعمال میں کسی بھی بے قاعدگی کو روکنے کیلئے پولیس کے مختلف شعبوں کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔